Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فٹبال: چار ٹیموں کا سمندر کے راستے سفر

دنیا کے سب سے مقبول کھیل فٹبال کے پہلے ورلڈ کپ کا فائنل 30 جولائی 1930 کو کھیلا گیا ۔عام طور پر فٹبال ورلڈ کپ کو فیفا ورلڈ کپ بھی کہا جاتا ہے۔
اٹلی، سوڈان، سپین، ہنگری، ہالینڈ اور یوروگوائے نے پہلے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی مگر اس وقت کی فٹبال گورننگ باڈی نے ایونٹ کا انعقاد یوروگوائے کو سونپا۔ ورلڈ کپ کے تمام میچز یوروگوائے کے دارالحکومت مونٹیویڈیو میں کھیلے گئے جس کے لیے تین گراؤنڈ استعمال ہوئے۔ ایسٹیڈیو سنٹناریوسٹیڈیم میں 90 ہزار، اسٹیڈیو گرن پارکیو میں 20 ہزار جبکہ اسٹیڈیو موکیٹوس سٹیڈیم میں 10 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی جگہ بنائی گئی تھی۔

دنیا کے مقبول ترین کھیل فٹبال کا پہلا ورلڈ کپ فائنل 30 جولائی کو یوروگوائے میں کھیلا گیا۔ تصویر: اے ایف پی

پہلے ورلڈ کپ میں کل 13 ٹیموں نے حصہ لیا جن سے میں سات براعظم جنوبی امریکہ، دو شمالی امریکہ اور چار یورپی ممالک کی ٹیمیں شامل تھیں۔ یورپ سے یوروگوائے کا سفر طویل اور کافی کھٹن تھا جس کے باعث یورپ کی صرف چار ہی ورلڈ کپ میں حصہ لے سکیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جنوری 1930 میں فیفا سے منسلک تمام ٹیموں کوایونٹ میں حصہ لینے کے لیے دعوت دی گئی تھی جس کے لیے 28 فروری تک ٹیموں کو اپنی شمولیت کے بارے میں جواب دینا تھا۔ پہلے فیفا ورلڈکپ میں شرکت کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ نہیں رکھا گیا تھا جبکہ اس کے بعد کے تمام کھیلے گئے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ٹیموں کو پہلے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کر ورلڈ کپ کے معیار پر پورا اترنا پڑتا ہے۔

دوسری جنگ عظیم کے باعث 1942 اور 1946 میں فٹبال ورلڈ کپ منعقد نہیں کیا جا سکے۔ تصویر: اے ایف پی

یورپ سے پہلے فٹبال ورلڈکپ میں شرکت کرنے والی چار ٹیمیں بیلجیم، فرانس، رومانیہ اور یوگوسلاویا تھیں جن کے کھلاڑی مختصر سامان کے ساتھ سمندر کے راستے ایک لمبا سفر طے کرنے کے بعد یوروگوائے پہنچے۔
ورلڈکپ کے لیے ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ ہر گروپ سے جیتنے والی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنا تھا۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں 13 جولائی کو فرانس نے میکسیکو کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ پہلے میچ کا تاریخی گول بھی فرانس نے کیا۔
سیمی فائنل میں چاروں گروپس میں سے ارجنٹینا، یوروگوائے، امریکہ اور یوگوسلاویا کی ٹیموں نے جگہ بنائی۔۔ میزبان یوروگوائے نے ارجنٹینا کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر یہ تاریخی عالمی کپ اپنے نام کیا۔ 68 ہزار تین سو 46 تماشائیوں نے ایسٹیڈیو سنٹاریو سٹیڈیم میں ورلڈ کپ کا فائنل دیکھا۔
ایونٹ میں مختلف ممالک کے 15 افراد نے ریفری کے فرائض سر انجام دیے تھے اور کسی بھی قسم کی بدمزگی سے بچنے کے لیے تمام ریفریز نے ایک اجلاس میں قوانین اور قواعد مرتب کرکے عمل کرنے کا فیصلہ کیا۔

یورپ کی چار ٹیمیں ورلڈ کپ کھیلنے سمندر کے راستے یوروگوائے پہنچیں۔ تصویر: اے ایف پی

فیفا ورلڈ کپ 1930 کے بعد سے ہر چار سال بعد منعقد ہوتا ہے۔ صرف دو بار 1942 اور 1946 میں دوسری جنگ عظیم کے باعث فٹبال کا ورلڈ کپ نہیں کھیلا جا سکا۔ ہر بار فیفا انتظامیہ ایونٹ کا انعقاد مختلف جگہ پر کرتی ہے۔
دنیا بھر سے 211 ملکوں کی ٹیمیں فیفا کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔ میچز کارکردگی اور رینکنگ کی بنیاد پر ممبزر ممالک کی ٹیمیں ورلڈ کپ تک رسائی حاصل کرتی ہیں۔
ورلڈ کپ کا اگلا ایڈیشن 2022 میں قطر میں ہونا ہے۔ تاریخ میں پہلی بار کسی عرب ملک کو فیفا ورلڈکپ کی میزبانی کا اعزاز ملے گا۔ فیفا انتظامیہ کے مطابق اگلے فٹبال ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد کو 32 سے 48 تک کیا جا سکتا ہے۔

 

شیئر: