Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے ساتھ مکالمے کیلئے تیار ہیں،ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ  سعودی عرب کے ساتھ مکالمے کیلئے تیار ہیں بشرطیکہ وہ بھی اس کیلئے پرعزم ہو ۔
الشرق الاوسط اور آر ٹی نے ایرانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا  کہ ایرانی وزیر خارجہ نے کابینہ اجلاس کے بعد اپنے بیان میں کہا ’’اگر سعودی عرب تیار ہو تو ہم اس کے ساتھ مکالمے کیلئے مستعد ہیں۔  پڑوسی ممالک کے ساتھ ہمیشہ مکالمے کیلئے تیار رہتے ہیں ۔‘‘
جواد ظریف نے کہا کہ ’’پڑوسی ممالک کے ساتھ مکالمے کا دروازہ کھلا ہوا ہے ۔ ایران نے کبھی یہ دروازہ بند کیا ہے اور نہ کبھی بند کرے گا ۔ ‘‘ 
ظریف کا یہ بیان ایرانی دفتر خارجہ کے اس اعلامیہ کے تناظر میں سامنے آیا ہے جوجنگِ یمن بند کرنے سے متعلق اقوام متحدہ میں سعودی سفیر عبداللہ المعلمی کے بیان کے جواب میں جاری کیا گیا تھا۔ایرانی دفتر خارجہ نے المعلمی کے بیان کو ’’مثبت اشارہ ‘‘قرار دیاتھا۔
 ایرانی وزیر خارجہ نے یہ بیان آبنائے ہرمز اور خلیج میں جہاز رانی کی بابت پیدا ہونیوالے خدشات کے ماحول میں دیا ہے ۔
 برطانوی آئل ٹینکر پر ایران کے  قبضے کے بعد سے ایران اور مغربی ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے ۔برطانیہ نے جبل طارق کے قریب ایرانی آئل ٹینکر پر قبضہ کیا تھا۔برطانیہ کا موقف تھا کہ یہ اقدام شام پر عائد پابندیوں کی خلاف ورزی کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے ۔
برطانیہ نے پیر کو یہ بات واضح کر دی تھی کہ وہ ایران کے ساتھ آئل ٹینکرز کا تبادلہ نہیں کرے گا ۔برطانیہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کی حفاظت کیلئے یورپی بحری فورس قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کر رکھی ہے ۔

شیئر: