Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی میں تنخواہ سمیت حج چھٹی 15دن سے زیادہ نہیں؟

ابوظبی کے محکمہ افرادی قوت نے بتایا ہے کہ ہمارے یہاں سرکاری ملازم کو زندگی میں ایک بار حج چھٹی حاصل کرنے کا حق ہے ۔حج چھٹی کی انتہائی حد 15دن ہے ۔یہ چھٹی مکمل تنخواہ کے ساتھ دی جاتی ہے ۔تنخواہ چھٹی کی درخواست دینے پر پیشگی دیدی جاتی ہے ۔
الامارات الیوم کے مطابق حج کی 15روزہ چھٹی ڈیوٹی کے ایام کی بنیاد پر دی جاتی ہے ۔ان15دنوں میں ہفت روزہ چھٹیاں اور عید الاضحی کی چھٹیاں شامل نہیں ہوتیں۔علاوہ ازیں اگر حج کی تعطیل کے دوران کوئی اور سرکاری چھٹی بھی آجائے تو وہ بھی حج چھٹی کا حصہ شمار نہیں کی جاتی۔
محکمہ افرادی قوت نے اطمینان دلایا کہ حج چھٹی سے ملازم کی سالانہ تعطیلات کا استحقاق متاثر نہیں ہوتا ۔حج پر جانیوالا کوئی بھی سرکاری ملازم حج چھٹی لینے سے پہلے یا اس کے بعد دیگر چھٹیاں بھی حاصل کر سکتا ہے ۔سرکاری ملازم حج کی چھٹی یکم ذی الحجہ سے حاصل کرنے کا مجاز ہوتا ہے ۔

امارات سے امسال عازمین حج کا پہلا کارواں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ابوظبی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے سعودی عرب پہنچ گیا۔سرکاری حج مشن کے ارکان بھی کارواں میں شامل تھے۔7فضائی کمپنیاں امارات سے عازمین حج کو سعودی عرب سفر کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔
اماراتی حج کمیٹی نے حج انتظامات کیلئے 7ذیلی کمیٹیاں قائم کر رکھی ہیں۔یہ کمیٹیاں حاجیوں کی آمد و رفت ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ان کی رہائش کے انتظامات پر مامور ہیں ۔علاوہ ازیں منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات آنے جانے نیز وہاں خیموں کی تنصیب کی سہولتیں بھی فراہم کر رہی ہیں ۔
 

شیئر: