Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاسداران انقلاب ایران نے ایک اور آئل ٹینکر پر قبضہ کر لیا

ایرانی پاسداران انقلاب نے خلیج میں جزیرہ فارسی کے قریب سے گزرتے ہوئے ایک اور آئل ٹینکر پر قبضہ کر لیا ۔
روسی خبر رساں ادارے آر ٹی کے مطابق پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ آئل ٹینکر پٹرول اسمگل کر رہا تھا اسے جنوبی ایران کی بندرگاہ بوشہر منتقل کر دیا گیا۔اس پر 8لاکھ لٹر پٹرول لدا ہوا تھا ۔ آئل ٹینکر کے خلاف کارروائی بوشہر بندرگاہ کے عدالتی حکام کے ساتھ رابطہ کر کے کی گئی۔اسمگل کیا جانیوالا پٹرول بوشہر کی نیشنل آئل کمپنی کے حوالے کر دیا گیا۔
پاسداران انقلاب کے ایک کمانڈر بریگیڈئیر رمضان زیراھی نے بتایا کہ جہازاور اسکے ساتوں ملاحوں کو بدھ کے روز حراست میں لیا گیا تھا۔یہ جہاز خلیج کے ایک ملک کےلئے پٹرول اسمگل کر رہا تھا۔
 ایرانی کمانڈرنے زور دیکر کہا کہ پاسداران انقلاب خلیج میں ایران کے قومی مفادات کا دفاع کرتے رہےں گے اور اس سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔پٹرول کی اسمگلنگ کا پتہ لگانے کےلئے خلیج سے گزرنے والے تمام جہازوں پر نظر رکھیں گے ۔
گزشتہ ہفتوں کے دوران ایران اور برطانیہ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے ۔ برطانیہ نے عمانی سمندر سے حراست میں لئے جانیوالے اپنے آئل ٹینکر کے بدلے جبل طارق میں روکا جانیوالا آئل ٹینکر ایران کے حوالے کرنے سے انکار کردیا ۔
 واضح رہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر ” سٹینا امپیرو “پر قبضہ کیا تھا۔ پاسداران انقلاب نے کہا تھا کہ برطانوی آئل ٹینکر کو جہاز رانی کے بین الاقوامی قوانین کی پابندی نہ کرنے پر قبضہ میں لیا۔
 یادرہے کہ اس سے قبل یورپی یونین کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام کو تیل کی سپلائی کی کوشش کے الزام میں ایرانی جہازگریس ون کو تحویل میں لے کر عملے کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ 

شیئر: