Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ناقص کارکردگی پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر فارغ

کرکٹ بورڈ نے مکی آرتھر سمیت دیگر عہدیداروں کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت دیگر عہدیداروں کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کی جانب سے بدھ کو جاری کی جانے والی پریس ریلیز کے مطابق کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور، بولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لڈن کے معاہدوں کی تجدید نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔   
ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے آفٹر شاکس کا سلسلہ اب تک جاری ہے اور پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق کے بعد کئی اہم حکام لپیٹ میں آ رہے ہیں۔
یاد رہے کہا احسان مانی نے چیئر مین کا عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد کرکٹ کمیٹی بنائی تھی جس نے صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد چند سفارشات تیار کی تھیں جو بعدازاں چیئرمین کو بھجوائی گئیں، جن میں کوچنگ سٹاف کی تبدیلی کی سفارش بھی شامل تھی۔

ٹیم کی کارکردگی پر بنائی گئی کمیٹی نے سٹاف کی تبدیلی کی سفارش کی تھی۔ فوٹو اے ایف پی

اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی جانب سے جاری بیان میں اس اسی فیصلے کی تصدیق کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’کوچنگ سٹاف کی تبدیلی کے فیصلے کے بعد چاروں عہدوں پر نئی تعیناتیوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ جلد اشتہار جاری کرے گا۔‘
انہوں نے کرکٹ کمیٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے اراکین نے طویل محنت کی، اور صورت حال کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا اور سفارشات پیش کیں۔
چیئرمین پی سی بی نے تمام کوچنگ سٹاف کا ان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا اور مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ قومی کرکٹ کی بہتری کے لیے فیصلے کرتا رہے گا۔
یاد رہے کہ کمیٹی نے کپتان سرفراز احمد کی کارکردگی اور فٹنس پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

شیئر: