Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حاجیوں کے قافلے مکہ مکرمہ پہنچ گئے 

عازمین، حج کی سعادت نصیب ہونے کی خوشی سے سرشار ۔
 85ہزار سے زیادہ عازمین حج بدھ کو مدینہ منورہ سے مکہ مکرمہ پہنچ گئے۔2ہزار  بسوں پر مشتمل حاجیوں کے قافلوں کو گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے الوداع کہا ۔ عازمین حج کی سعادت نصیب ہونے کی خوشی سے سرشار تھے۔انہیں مدینہ منورہ کو الوداع کہنے کا دکھ بھی تھا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق حج ایام سے قبل مملکت آنیوالے عازمین ،مسجد نبوی شریف کی زیارت کےلئے مدینہ منورہ پہنچے ہوئے تھے ۔
محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل سلمان الیحییٰ نے پریس کانفرنس کر کے بتایا کہ بیرون مملکت سے عازمین کی آمد کا پروگرام مکمل ہو گیا ۔ 18لاکھ سے زیادہ عازمین ارضِ مقدس پہنچ چکے ہیں۔امیگریشن کی کارروائی تیزی سے نمٹائی گئی ۔15سیکنڈ سے زیادہ نہیں لگے۔
اسلامی نظام کے مطابق جو لوگ حج یا عمرے کےلئے مکہ مکرمہ پہنچنا چاہتے ہیں انہیں مقررہ مقامات سے احرام کی چادریں پہننا ہوتی ہیں۔چادریں پہن کر انہیں حج یا عمرہ کی نیت کرنا ہوتی ہے ۔ ان مقامات کو اسلامی زبان میں ”میقات “ کہا جاتا ہے ۔مسجد الحرام سے بعید ترین میقات ذوالحلیفہ کی ہے ۔ مدینہ منورہ کے باشندے اور وہاں سے مکہ مکرمہ کا سفر کرنیوالوں کو اسی میقات سے احرام باندھنا ہوتا ہے ۔سعودی حکومت نے ذوالحلیفہ میقات پر شاندار مسجد بنا رکھی ہے وہاں وضو خانے ، غسل خانے اور زائرین کی ضرورت کا سامان فروخت کرنیوالی دکانیں بھی کھول رکھی ہیں ۔ 
عازمین حج کے قافلے بدھ کو ذوالحلیفہ پہنچے تو یہاں کا منظر دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ میقات کی پارکنگ بسوں سے بھر گئی ۔ میقات کے صحنوں میں ہر طرف عازمین احرام کی سفید چادروں میں ملبوس نظر آرہے تھے ۔یہاں مختلف زبانوں میں حج لٹریچر اور صحت لٹریچر بھی تقسیم کیا جا رہا تھا۔
مدینہ منورہ میں عازمین حج کی خدمت کرنیوالا نجی ادارہ ”الادلائ“ کہلاتا ہے ۔ اس کے چیئرمین حاتم بن حمزہ بالی نے ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ عازمین حج کے قافلے مدینہ منورہ سے رخصت ہو گئے ۔ سب خوش ہیں کہ انہیں مسجد نبوی شریف کی زیارت نصیب ہو گئی ۔ اب وہ جس مقصد کےلئے اپنا وطن اور گھر بار چھوڑ کر مملکت آئے تھے اس کا وقت قریب آچکا ہے ۔جمعہ کو وہ مکہ مکرمہ سے حج کے سفر پر منیٰ کےلئے روانہ ہو جائیں گے ۔
مکہ مکرمہ میں 20لاکھ سے زےادہ عازمین جمع ہو چکے ۔بیشتر کا تعلق بیرونی ممالک سے ہے۔وہ جمعہ کو صبح سویرے مکہ سے منیٰ کےلئے روانہ ہوں گے جہاں وہ ظہر ، عصر ، مغرب اور عشاءکی نمازیں ادا کریں گے ۔ہفتے کو فجر کی نماز ادا کر کے میدان عرفات میں وقوف کےلئے روانہ ہوں گے ۔ 

شیئر: