Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میرا بیٹا آروو میرا سائنس ٹیچر ہے: اکشے کمار

اکشے نے بچپن میں مقناطیس نکالنے کے لیے ریڈیو توڑ دیا تھا۔ فوٹو: ٹویٹر
بالی ووڈ کی سائنس فکشن فلم ’مشن منگل‘ انڈیا کے یوم آزادی پر ریلیز ہونے جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ اس کی کاسٹ آج کل فلم کی پروموشن میں خاصی مگن ہے۔ فلم میں سائنسدان اور انڈیا کے خلائی مشن کے ڈائریکٹر کا کردار نبھانے والے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے اپنے ایک تازہ انٹرویو میں کہا ہے کہ اصل زندگی میں ’میرا بیٹا آروو میرا سائنس ٹیچر ہے۔‘
ممبئی مرر انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں جب اکشے سے پوچھا گیا کہ کیا وہ سائنسی موضوعات پر اپنے بیٹے کے ساتھ بحث کرتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا ’ہم بحث و مباحثہ نہیں کرتے، بس وہ (آروو کمار) مجھے سائنس کے متعلق بتاتا ہے۔‘


اکشے سائنس میں اپنے بیٹے کو اپنا استاد مانتے ہیں۔ فوٹو: ٹویٹر

اکشے کے بقول یہ اپنے بیٹے سے سیکھنے کا ایک انوکھا تجربہ ہے کیونکہ وہ سائنس میں ’میرے استاد کی طرح ہے‘۔ انہوں نے بچپن کا ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا ’میرے والد میرے لیے 175 روپے کا ریڈیو لے کر آئے، اس وقت میں صرف پانچ برس کا تھا اور ریڈیو ملنا میرے لیے ایک بڑی بات تھی۔ میں اس پر گانے سنا کرتا تھا، کچھ دن بعد میں نے اپنے والد کو اپنی دریافت کردہ کالے رنگ کی ایک گول چیز دکھائی اور بتایا کہ جب میں اسے پھینکوں گا کہ تو یہ لوہے سے جُڑ جائے گی۔ اس کے جواب میں والد نے کہا کہ یہ مقناطیس ہے، تم نے یہ کہاں سے لیا؟‘
اکشے کے بقول انہوں نے اپنے والد کو بتایا کہ یہ اہنوں نے ریڈیو سے توڑ کر نکالا تھا۔


’مشن منگل‘ کی کاسٹ آج کل فلم کی پروموشن میں مصروف ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

خیال رہے کہ فلم کی کاسٹ میں اکشے کمار کے ساتھ اداکارہ ودیا بالن، تاپسی پنوں، سوناکشی سنہا اور نیتھیا مینن شامل ہیں۔
فلم کے ٹریلر میں اکشے کو ایک نااُمید سائنسدان کے طور پر دیکھایا گیا ہے جس میں وہ کہتے ہیں ’ایسرو (انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن) کو پتا ہے کہ یہ ہونے والا نہیں ہے۔‘ لیکن وہ اپنی ٹیم کے ساتھ لگاتار کوشش کرتے رہتے ہیں اور بالآخر مارس پر پہنچ جاتے ہیں۔
اس کے بعد اکشے ٹریلر میں کہتے ہیں کہ ایسرو کا مطلب ’ایمپوسیبل سپیس ریسرچ آرگنائزیشن‘ ہے کیونکہ حقیقت سے آگے بھی خواب ہو سکتا ہے۔

شیئر: