Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میدان عرفات میں موسلا دھار بارش

گرج چمک کے ساتھ ہونیوالی بارش نے میدان عرفات کو جل تھل کر دیا
وقوف عرفہ کے دوران میدان عرفات میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش شروع ہوتے ہی میدان عرفات میں بیٹھے حجاج کرام نے پناہ کی تلاش میں خیموں و دیگر مقامات کر رخ کر لیا۔ بارش سے کھلے آسمان تلے بیٹھے عازمین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔۔ بارش شروع ہوتے ہی میدان عرفات میں ہر سمت چھتریاں ہی چھتریاں دکھائی دینے لگیں۔

گرج چمک کے ساتھ ہونیوالی بارش نے میدان عرفات کو جل تھل کر دیا۔ نشیبی مقامات پر پانی کھڑا ہو گیا، شہری دفاع کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیارکی گئیں۔ حجاج کو منظم رکھنے کے لیے سکاؤنٹس اور شہری دفاع کے علاوہ انتظامیہ کے اہلکار بھی میدان عرفات میں موجود تھے تاکہ کسی قسم کی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ 
آدھے گھنٹے کے بعد بارش کا زور ٹوٹا تاہم وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

و اضح رہے کہ حج  کے کا رکن اعظم "  وقوف عرفہ " کی ادائیگی کیلئے لاکھوں فرزندان اسلام میدان عرفات میں جمع ہیں۔ صبح سویرے سے ہوا میں خنکی کا تناسب بڑھ گیا جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی رہی۔ صبح سے ہی آسمان پر بادل چھائے رہے جس سے موسم قدرے خوشگوار ہو گیا تھا۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے میدان عرفات میں  پانی کی پھوار برسانے کے خصوصی انتظامات کے سبب شاہراہوں پر حجاج کرام کو قدرے سہولت رہی۔

مسجد کے اطراف میں بڑی تعداد میں پانی کی پھوار برسانے والے پولز سے مسلسل برسنے والے پانی نے سڑ ک کو بھی کافی حد تک تر کر دیا جس سے گرمی کا زور  کم ہو گیا تھا۔ حجاج کا کہنا تھاکہ رب کریم کا خاص کرم ہے کہ آج کے دن گرمی کا زور کم ہے۔ 
مختلف سماجی و فلاحی تنظیموں کی جانب سے حجاج کے لیے  پانی اور مختلف مشروبات کی تقسیم کا سلسلہ جاری  رہا۔ جگہ جگہ رضا کار مصروف اور پرہجوم  مقامات پر حجاج میں ٹھنڈی پانی کی بوتلیں اور جوس تقسیم کرتے رہے۔ 

شیئر: