Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رشیدہ کو اسرائیلی دورے کی اجازت

اسرائیل نے امریکی کانگریس کی خاتون رکن رشیدہ طلیب کو مغربی کنارے میں اپنے خاندان سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ رشیدہ طلیب کو انسانی بنیادوں پر اپنے خاندان سے ملاقات کے لیے مغربی کنارے جانے کی اجازت دی گئی۔
اس سے قبل اسرائیل نے امریکی کانگریس کی ارکان  رشیدہ طلیب اور الہان عمرکے دورے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دعوی کیا تھا کہ الہان عمر اور رشیدہ طالب کا مقصد اسرائیل کو نقصان پہنچانا ہے۔ ایک بیان میں اسرائیلی وزیراعظم نے دونوں ارکان کانگریس پر پابندی کے فیصلے کا دفاع کیا۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک ایسا نہیں جو اسرائیل سے زیادہ امریکہ اور امریکی ارکان کانگریس کا احترام کرے تاہم دونوں ارکان کانگریس کا واحد مقصد ہی اسرائیل کو نقصان پہنچانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر رشیدہ طلیب نے انسانی بنیادوں پر اپنے خاندان سے ملنے کے لئے مغربی کنارے جانے کی درخواست کی تو اس کی اجازت دی جا سکتی ہے ۔
قبل ازیں امریکی صدر ٹرمپ نے اسرائیل پر اعلانیہ زور دیا تھا کہ وہ امریکی مسلم ارکان کانگریس الہان عمر اور  رشیدہ طالب کے داخلے پر پابندی لگائے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم اور دیگر اعلی حکام نے جمعرات کو ان دونوں امریکی ارکان کانگریس کو داخلے کے اجازت دینے سے متعلق اجلاس کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کی ’اگر اسرائیل ان دونوں خواتین ارکان کانگریس کو داخلے کی اجازت دیتا ہے تو اس کی بڑی کمزوری ظاہر کرے گی۔ یہ اسرائیل اور تمام یہودیوں سے نفرت کرتے ہیں۔ ان کے ذہنو ں کو بدلنے کے لئے کچھ بھی نہیں کہا اور کیا جا سکتا‘۔
 امریکی صدارتی امیدوار برنی سینڈرز نے اسرائیل سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
 برنی سینڈرز نے ٹویٹ کی ’امریکی خاتون ارکان کانگریس پر اسرائیل اور فلسطین میں داخلے پر پابندی عائد کرنا ان منتخب رہنماﺅں، امریکہ اور جہوری اصولوں کا احترام نہیں ہے ۔اسرائیلی حکومت کو یہ فیصلہ واپس لینا چاہئیے اور انہیں داخلے کی اجازت دی جائے‘۔ ایک اسرائیلی عہدیدار نے بتایا کہ دونوں ارکان کانگریس اسرائیل کے فلسطینیوں سے متعلق برتاﺅ پر بے دھڑک تنقید کرتی ہیں۔ راشدہ طالب کا خاندان مغربی کنارے سے امریکہ منتقل ہو اتھا۔
واضح رہے کہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں پہلی مرتبہ 2 مسلم خواتین بھی منتخب ہوکر ایوان میں پہنچیں۔ڈیمو کریٹ رشیدہ طلیب مشی گن جبکہ الہان عمر منیسوٹا سے منتخب ہوئی ہیں۔

شیئر: