Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 شامی حاجن کے ہاں چار بچوں کی ولادت

اس سال دوران حج 12 ولادتیں ہو چکی ہیں۔
 اس سال حج سیزن میں شام سے تعلق رکھنے والی ایک حاجن نے 4 بچوں کو جنم دیا ہے ۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شامی خاتون کی حالت کے پیش نظر مکہ مکرمہ میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہسپتال میں اس کے فوری آپریشن کا انتظام کیا گیا۔ شامی حاجن کے ہاں2 لڑکے اور 2لڑکیاں پیدا ہوئیں۔
ہسپتال کے عملے نے چاروں نومولود بچوں کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں منتقل کر دیا تا کہ ان کی بہتر دیکھ بھال کی جا سکے۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق 4میں سے2 بچوں کی صحت اچھی ہے جب کہ 2بچوں کے سانس لینے کے عمل میں معمولی کمی ہے۔انہیں آکسیجن کی مشین پر رکھا گیا ،اب ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے۔
 شامی والدین نے بہترین نگہداشت پر نگراں طبی ٹیم ،ہسپتال کے تمام عملے اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
 واضح رہے کہ اس سال دوران حج بیرون ملک سے آنیوالی حاجنوں ہاں 12 ولادتیں ہو چکی ہیں۔ سعودی وزارت صحت کے مطابق مکہ مکرمہ میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہسپتال میں9،منی میں ایک اور عرفات میں2ولادتیں رجسٹرڈ کی گئیں۔ وقوف عرفہ کے دوران 2 حاجنوں کے ہاں ولادت ہوئی۔ 40 سالہ لیبیا کی حاجن سعاد محمد بربوش کے ہاں بچی کی ولادت ہوئی۔نومولود کا نام عرفہ رکھا گیا۔ جمہوریہ گنی سے تعلق رکھنے والی23 سالہ حاجن میمونہ علی کے ہاں بھی لڑکی کی ولادت ہوئی تھی۔ 
 یاد رہے کہ سعودی وزارت صحت نے میدان عرفات میں حجاج کی سہولت کے لئے2 ہسپتالوں کے علاوہ متعدد صحت مراکز اور ہنگامی طبی امداد کے لئے موبائل ٹیموں کو متعین کر رکھا ہے۔اسی طرح کا انتظام مزدلفہ میں بھی کیا گیا تھا  جہاں متعدد صحت مراکز قائم ہیں۔ 
منی میں متعدد ہسپتالوں کے علاوہ کئی صحت مراکز قائم کئے گئے  جو تمام حجاج کو مفت صحت خدمات فراہم کرتےرہے ۔ 

شیئر: