Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب جانے سے روکنا مہنگا پڑگیا

بیوی کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے انڈین شوہر نے بیوی پر جہاز کو بم سے اڑانے کا الزام لگا دیا، مگر جلد ہی ان کا جھوٹ پکڑا گیا۔  
خاتون اپنے خوابوں کی تعبیر تلاش کرنے سعودی عرب جا رہی تھیں کہ ان کے شوہر نے ایئرپورٹ کو اطلاع دے دی کہ ان کی بیوی جہاز کو بم سے اڑا سکتی ہے۔ لیکن شوہر کا جھوٹ جلد پکڑا گیا اور غلط اطلاع دینے پر جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا۔
ویب سائٹ نیوز ٹریک لائف کے مطابق ایک انڈین شہری کی بیوی کو سعودی عرب میں ملازمت کی پیشکش ہوئی جسے انہوں نے فوری طور پر قبول کرلیا۔ بیوی کا خیال تھا کہ سعودی عرب میں چند سال ملازمت کرنے سے وہ اپنا اور بچوں کا مستقبل محفوظ کرسکتی ہیں مگر ان کے تنہا سفر پر شوہر راضی نہیں تھے۔
وہ اپنی بیوی کو سعودی عرب جانے سے روکنے کی کوشش کرتے رہے مگر ان کی بیوی نہ مانی۔ اور گھروالوں کو الوداع کہہ کر ایئر پورٹ روانہ ہوگئیں۔
ادھر بیوی نے ایئر پورٹ کا رخ کیا تو شوہر کا سر گھوم گیا۔ وہ مختلف راستے تلاش کرتا رہا کہ کس طرح اپنی بیوی کو واپس لایا جائے۔

شوہر نے کہا کہ میری بیوی سعودی عرب جارہی ہے ،اس کے پاس بم ہے، وہ جہاز کودھماکے سے اڑا سکتی ہے

آخر شوہر کے دماغ میں ترکیب سوجھی، کیوں نہ ایئر پورٹ فون کر کے اطلاع دی جائے کہ ان کی بیوی کے پاس بم ہے اور وہ جہاز کو فضا میں اڑا دے گی۔
 شوہر نے ایئر پورٹ فون کیا اور انتظامیہ کو بتایا کہ ’میری بیوی سعودی عرب جارہی ہے اور کچھ دیر بعد جہاز میں سوار ہونے والی ہے۔ اس کے پاس بم ہے، وہ جہاز کو دھماکے سے اڑا سکتی ہے۔‘
 
ایئرپورٹ انتظامیہ نے شوہر کی اطلاع کو سنجیدگی سے لیا اور پوچھا’ ’تمہاری بیوی کا نام کیا ہے، وہ کون سے جہاز میں سفر کرنے والی ہے۔‘
وہ ہڑبڑایا، ایک مرتبہ سعودی عرب کہا، دوسری مرتبہ دبئی کا نام لیا۔ 
’سر وہ دبئی یا سعودی عرب میں سے کسی خلیجی ملک جارہی ہیں، آپ چیک کریں، ان کے پاس بم ہے۔‘

شوہر کے اطلاع کی وجہ سے ایئرپورٹ میں ہنگامی حالت کا اعلان ہوگیا۔

 سعودی عرب اور دبئی جانے والے دونوں جہازوں کی تلاشی لی گئی۔ بالآخر وہ خاتون مل ہی گئیں جن کے متعلق اطلاع دی گئی تھی۔ مسافر کی ذاتی تلاشی لی گئی، پورا سامان سمیت جہاز بھی کھنگال لیا گیا مگر کچھ بھی نہیں نکلا۔ ان کے پاس بم تو کجا، پٹاخہ بھی  نہیں تھا۔ 
تفتیشی افسروں نے اطلاع دینے والے کا سراغ لگانا شروع کیا۔ بہت جلد اس کی شناخت ہوگئی اوراسے گرفتار کرکے حکام کے سامنے پیش کیا گیا۔
خاتون کے شوہر نے بتایا کہ بیوی کو سعودی عرب جانے سے روکنے کے لیے سب جتن کیے مگر وہ نہ مانی، آخر اس کے پاس یہی حربہ باقی تھا۔ 
حکام نے بیوی کو سعودی عرب جانے والی جہاز میں باعزت طریقہ سے سوار کروایا اور شوہر کو جھوٹی اطلاع اور حکام کو پریشان کرنے پر جیل بھیج دیا۔  
 

شیئر: