Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنانی فنکارہ الیسا نے گلوکاری کو خیر باد کہہ دیا 

لبنان کی معروف گلوکارہ الیسا نے فن کی دنیا کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ نیا البم آخری ہو گا۔
گلوکارہ الیسا نے  ٹویٹ کیا کہ ’گلوکاری کو خیر باد کہہ رہی  ہوں ۔ نیا البم جو جلد جاری ہو گا آخری ہوگا ۔یہ اطلاع دیتے ہوئے افسوس محسوس کر رہی ہوں‘۔
 الیسا نے ٹویٹ میں یہ بھی تحریر کیا کہ ’میں یہ نیا البم بہت زیادہ پیار اور شوق کے ساتھ تیار کر رہی ہوں۔ وجہ یہ ہے کہ میرے کیریئر کا آخری البم ہوگا۔ میں بوجھل دل سے یہ اعلان کر رہی ہوں لیکن بہت زیادہ احساس  ندامت کے ساتھ کیونکہ میں ایسے شعبے میں کام نہیں کر سکتی جو مافیاز سے ملتا جلتا ہو‘۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں الیسا کئی جرأت مندانہ سیاسی بیان دیکر شہ سرخیوں میں رہی ہیں۔
بعض لوگوں نے ان کے جرأت مندانہ خیالات پر پذیرائی اور بعض نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ کئی لوگوں کا کہنا تھا کہ فنکار سے پیار کرنیوالے ہر فکر و نظر کے لوگ ہوتے ہیں۔ انہیں سیاسی خیالات کے اظہار سے گریز کرنا چاہیے۔
الیسا نے ایم ٹی وی کے معروف پروگرام ’صار الوقت‘ کو انٹرویو  کے دوران لبنانی صدر میشال عون پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا ’مجھے انکے صدر بننے پر لگا تھا کہ مجھے شکست ہوئی ہے، میں نئے چہرے دیکھنا چاہتی تھی‘۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیراعظم رفیق الحریری  کے قتل کے بعد سے لبنان کے حالات بد سے بدتر ہوتے چلے جا رہے ہیں ، الحریری نے ملک کو عالمی نقشے میں شامل کرا دیا تھا۔

 اب ٹوئٹر پر الیسا کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا  گرم ہے ۔ ٹوئٹر صارفین نے ملا جلا ردعمل دیا اورہیش ٹیگ  #کلنا _الیسا بھی چلا دیا۔
ٹوئٹر صارف لطیفہ ال تونیسیہ نے لکھاکہ ’سچا حساس اور کامیاب فنکار نفرت کرنیوالے گروپوں کے درمیان رہ کر جدت طرازی اور اچھوتے پن کا مظاہرہ کرتا ہے۔مخالفت سے ایسے فنکار زیادہ پر عزم ہو جاتے ہیں، ان کے یہاں لوگوں کو خوش کرنے اور رکھنے کا جذبہ اور زیادہ پختہ ہو جاتا ہے۔‘
 رضویٰ الشربینی نے ٹویٹ کیا کہ ’میں جانتی ہوں آپ کس قدر طاقتور شخصیت کی مالک ہو ، مجھے معلوم ہے آپ کتنی پیار کرنیوالی ہو ، میں سمجھ سکتی ہوں آپ کا فیصلہ کسی نہ کسی بنیاد پر ہو گا لیکن عوام کی ملکہ سے میں یہ ہی کہوں گی کہ آپ اپنی بابت لوگوں کے احساسات و جذبات کو سامنے رکھ کر اپنا فیصلہ تبدیل کریں ۔ ہم سب الیسا ہیں۔‘

ٹوئٹر صارف سالم الھندی  نے الیسا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ’ آپ بڑی فنکارہ ہیں فن کی دنیا میں آپ نے اپنی حیثیت منوائی ہے ۔آپ اس سے علیحدگی کا فیصلہ تنہا نہیں کر سکتیں ، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں  اور رہیں گے۔ مایوس نہ ہوں ، آپ اب بھی فن کی دنیا کو بہت کچھ دینے کی پوزیشن میں ہیں ۔گنے چنے لوگوں کی باتوں پر کان نہ دھریں ، ہماری وفاداریاں آپ کیلئے تھیں ، ہیں اور رہیں گی‘۔

شیئر: