Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیام: ’شام غم کی قسم آج غمگیں ہیں ہم‘

کیا آپ کو معلوم ہے کہ دلیپ کمار کی فلم ’فٹ پاتھ‘ کے گیت ’شام غم کی قسم آج غمگیں ہیں ہم‘ کو موسیقی سے کس نے آراستہ کیا تھا؟
وہ معروف موسیقار خیام تھے جن کا پیر کو طویل علالت کے بعد 93 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔
وہ سنہ 1947 سے فلموں میں موسیقار کی حیثیت سے وارد ہوئے لیکن دراصل وہ گلوکار اور اداکار بننا چاہتے تھے اور اسی لیے وہ  پنجاب میں اپنے گھر سے بھاگ کر چچا کے ہاں دلی چلے آئے اور جب گھر والوں کو ان کے ارادے کا پتہ چلا تو انہوں نے بادل ناخواستہ موسیقی کی تعلیم کے لیے ایک استاد کے حوالے کر دیا۔
لیکن وہ بیچ ہی میں بھاگ کر ممبئی اور پھر لاہور چلے گئے جہاں انھوں نے بابا چشتی یعنی موسیقار غلام احمد کے پاس تعلیم حاصل کرنا شروع کردی۔
خیام نے پہلے شرما جی کے نام سے موسیقی دی اور موسیقار رحمان کے ساتھ مل کر انھوں نے ’شرما جی ورما جی‘ کی جوڑی بنائی۔ پھر تقسیم ہند کے بعد رحمان پاکستان چلے گئے تو یہ جوڑی ٹوٹ گئی۔ فلم ’فٹ پاتھ‘ سے ہی خیام کی فلمی پیدائش ہوئی۔

محمد ظہور خیال فلمی دنیا میں صرف خیام تھے (فوٹو اے ایف پی)

خیام نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ضیا سرحدی کی فلم ’فٹ پاتھ‘ کی جب وہ موسیقی دے رہے تھے تو ایک دن باتوں باتوں میں ضیا سرحدی نے ان کا پوار نام پوچھ لیا۔ ’میں نے کہا محمد ظہور خیام، سنتے ہی انھوں نے کہا کہ تم اپنا نام خیام کیوں نہیں رکھ لیتے اور بس اسی دن سے میں خیام ہو گیا۔‘
خیام کی موسیقی میں ایک قسم کا ٹھہراؤ ہے اور شاید یہ ان کے استاد غلام احمد کا فیض تھا۔ انھوں نے فلم ’بازار‘، ’امراؤ جان‘، ’رضیہ سلطان‘ اور ’کبھی کبھی‘ جیسی فلموں میں جاوداں موسیقی دی۔ محمد رفیع کی آواز میں ’جانے کیا ڈھونڈتی رہتی ہیں یہ آنکھیں مجھ میں، یا پھر لتا کی آواز میں بہارو میرا جیون بھی سنوارو۔۔۔‘ جیسے گیت ان کی موسیقی کے جادو سے نکھر گئے۔
انھوں نے گلوکارہ جگجیت کور سے شادی کی اور انھوں نے اپنی زندگی میں ان کی اہمیت کا برملا اظہار بھی کیا ہے۔ کئی فلموں میں ان کی موسیقی پر جگجیت کور نے گیت گایا ہے۔ وحیدہ رحمان کی فلم ’شگون‘ کا وہ گیت آپ کو یاد ہوگا ’تم اپنا رنج و غم، اپنی پریشانی مجھے دے دو۔‘

گذشتہ دنوں 81 سالہ اداکارہ  ایک عرصے کے بعد راجستھان کے شہر ادے پور پہنچی تھیں (فوٹو اے ایف پی)

وحیدہ احمان کا منفرد انداز میں استقبال

وحیدہ رحمان سے یاد آیا کہ گذشتہ دنوں 81 سالہ اداکارہ  ایک عرصے کے بعد راجستھان کے مشہور شہر ادے پور پہنچی تھیں جہاں ان کا منفرد انداز میں استقبال ہوا۔
وہ یہاں 50 سال سے زیادہ عرصے کے بعد آئی تھیں جب دیو آنند کے ساتھ ان کی معروف فلم ’گائیڈ‘ کی شوٹنگ ہوئی تھی۔
اس بار وہ لاس اینجلس میں مقیم فلم ساز منجری مکی جانی کی فلم ’ڈیزرٹ ڈالفن‘ کے لیے وہاں پہنچی تھیں۔
وحیدہ حمان نے اس موقعے پر کہا: ’بہت زمانے کے بعد ہم ادے پور آئے ہیں۔ فلم ’گائیڈ‘ کی شوٹنگ کے لیے جب ہم یہاں آئے تھے تو ہوٹل لیک پیلس میں ٹھہرے تھے۔ مجھے پر مسرت حیرت اس وقت ہوئی جب فلم سازوں نے میرے لیے پیلس کا ایک یادگار دورہ تیار کیا تاکہ ایک بار پھر میرے قیام کی یادیں تازہ ہو سکیں۔‘
وحیدہ رحمان اس سے قبل کمل ہاسن کی فلم ’وشو روپم-2‘ میں نظر آئی تھیں۔ انھوں نے اس فلم سے منسلک ہونے کے متعلق کہا کہ انھوں نے فلمیں کبھی ان کے بجب کی بنیاد پر منتخب نہیں کیں بلکہ وہ تجربہ کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔
انھوں نے کہا: ’میں کسی پروجیکٹ کو بڑے یا چھوٹے کی نظر سے نہیں دیکھتیں لیکن میں نے اپنے 60 سال کے کیریئر بہت آسانی سے کسی پروجیکٹ کے متعلق ہامی نہیں بھری ہے۔‘

کیا بالی وڈ میں میکا سنگھ کا بائیکاٹ کیا جا رہا ہے؟ (فوٹو اے ایف پی)

دبنگ خان دباؤ میں

کیا بالی وڈ میں سلمان خان کو دباؤ میں لایا جا سکتا ہے لیکن گلوکار میکا سنگھ کی وجہ سے وہ دباؤ میں ہیں۔
آل انڈیا سینے ورکرز ایسوسی ایشن اور ویسٹرن انڈیا سینے امپلائیز کی فیڈریشن انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے سبب میکا سنگھ پر کراچی کی ایک شادی میں پرفارم کرنے کے لیے پابندی لگانے والے ہیں۔
اب انھی اداروں نے بالی وڈ کی مختلف شعبوں میں کام کرنے والوں ٹکنیشین سے لے کر اداکاروں تک کو نوٹس دیا ہے کہ وہ کسی طرح میکا سنگھ کے ساتھ کام نہ کریں۔
ایسے میں سلمان خان اب اس تذبذب میں ہیں کہ کیا وہ میکا سنگھ کے ساتھ کام کریں یا نہیں۔ در اصل سلمان خان اپنے بھائی سہیل خان کے ساتھ ہوسٹن میں 28 اگست ایک پروگرام کر رہے ہیں جس میں میکا کے شامل ہونے کا قوی امکان ہے۔
اب سلمان کی ٹیم کا کہنا ہے کہ ان کا کنٹریکٹ بھاویش پٹیل سے ہے اور کوئی مقامی پروموٹر نے ہو سکتا ہے کہ میکا کے ساتھ معاہدہ کیا ہو۔ سلمان کا میکا سے کوئی لینا دینا نہیں۔ وہ ان کے ساتھ سٹیج پر بات نہیں کریں گے۔
لیکن مغربی انڈیا کی سینے فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اشوک دوبے کا کہنا ہے کہ ’اگر ہم پابندی لگاتے ہیں تو اس کا مطلب ہوگا کہ کوئی بھی میکا کے ساتھ کام نہیں کرے گا۔ اور اگر کوئی پابندی کے دوران میکا کے ساتھ کام کرتا ہے تو اسے بھی پابندی کا سامنا ہوگا۔ اب چاہے وہ سلمان خان ہی کیوں نہ ہوں۔‘

شیئر: