Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’النیزک‘ ساحل پر سیاح کیو ں جا رہے ہیں؟

مصر میں ’النیزک‘ نام کا ایک ایسا ساحل ہے جو دنیا بھر کے سیاحوں میں ’پرکشش خفیہ جنت‘ کے نام سے مشہور ہے۔ اس کا نام سن کر ہی انسان چونک جاتا ہے اور وہیں فیروزی رنگ کا پانی دیکھ کر سیاح حیران رہ جاتے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ’سی این این‘ُ کے مطابق النیزک ساحل مرسیٰ علم سے 8 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ پورٹ غالب تفریح گاہ سے 20 منٹ کی ڈرائیونگ کے بعد ہی النیزک ساحل سامنے آجاتا ہے۔
مصری محکمہ سیاحت اسے کرہ ارض کی خفیہ جنت کا نام دیے ہوئے ہے۔ اس کی شکل قدرتی سوئمنگ پول جیسی ہے۔ مقامی باشندوں کا خیال ہے کہ یہ جھیل نما ساحل دمدار ستارے کے گرنے سے وجود میں آیا۔ لیکن ماہرین طبقات الارض اس مقامی خیال کو درست نہیں سمجھتے۔
اس کے باوجود اسکی پرکشش شکل دنیا بھر کے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ یہاں آنے والے تیراکی اور غوطہ خوری کے شوق سے آتے ہیں۔ خاص طور پر موسم سرما میں یہاں سیاحوں کا میلہ لگا رہتا ہے۔ سمندر میں مدوجزر پیدا ہوتا ہے تو اس کا گرما گرم پانی تیراکی کرنے والوں کو بہت بھلا لگتا ہے۔

النیزک کا پانی سمندر سے مربوط ہونے کی وجہ سے تازہ رہتا ہے اور اس میں سمندری مخلوقات بھی آباد ہیں۔

النیزک ساحل پر فیروزی رنگ کے پانی کے سوا دیکھنے کی کوئی اور چیز نہیں۔ یہاں آنے والے سیاح ایک طرف تو فیروزی رنگ کا پانی دیکھ کر اپنا دل بہلاتے ہیں اور دوسری جانب ستاروں بھرے آسمان کے نظارے کا لطف اٹھاتے ہیں۔
انجینئرنگ کے ایک طالبعلم اور سیروسیاحت کے شوقین محمد الجندی ان لوگوں میں سے ہیں جنہوں نے اس قدرتی سوئمنگ پول کی منظر کشی کی ہے ۔الجندی نے سی این این کو بتایا کہ کچھ عرصہ پہلے النیزک ساحل کے بارے میں سنا تھا۔ لیکن اس کا قدرتی منظر حقیقت میں دیکھ کر دم بخود ہو کر رہ گیا تھا۔
24 سالہ طالبعلم کا کہنا تھا کہ النیزک ساحل خشک صحرا میں عجیب و غریب منظر پیش کرتا ہے۔ سمندر سے مربوط ہونے کی وجہ سے اس کا پانی تازہ رہتا ہے۔ یہاں زندہ سمندری مخلوقات بھی آباد ہیں ۔ 
الجندی نے بتایا کہ النیزک ساحل کی فوٹو گرافی ڈرون کی مدد سے کی گئی ہے۔ یہاں مارچ اور مئی کے درمیان آنا زیادہ بہتر ہوتا ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں