Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دو ڈرونز گرا کر خمیس مشیط شہر کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام‘

سعودی فضائیہ نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے حوثیوں کے دو ڈرونز مار گرائے۔ (فوٹو:اے ایف پی)
سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کی حوثی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ سعودی فضائیہ نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے دو ڈرونز گرا کر خمیس مشیط کی کمشنری عمران کو بڑی تباہی سے بچالیا۔ 
سعودی خبر رساں ایجنسی (واس) کے مطابق یمن میں دستوری حکومت کی مدد کے لیے قائم عرب اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ آج جمعرات کو علی الصبح حوثی باغیوں نے خمیس مشیط کی کمشنری عمران کی شہری آبادی کو نشانہ بناتے کے لیے دو ڈرونز اڑائے، بر وقت اطلاع ملتے ہی سعودی ایئر فورس کی طرف سے کارروائی کی گئی۔
سعودی فضائیہ نے میزائل داغ کر حوثی ڈرونز کو فضا میں ہی ناکارہ بنا دیا۔

’شہریوں اور تنصیبات کی سلامتی کے لیے سعودی فضائیہ ہمہ وقت تیار ہے۔‘ (فوٹو:اے ایف پی)

کرنل المالکی نے کہا کہ ’حوثی باغیوں کی طرف سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے لئے ڈرونز اڑانے کی تمام کوششیں ناکام ہوتی رہیں گی۔ شہریوں اور تنصیبات کی سلامتی کے لیے سعودی فضائیہ تیار ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں کی طرف سے ایسے اقدامات ان کی مایوسی اور شکست کی علامت ہیں۔ اقوام متحدہ اور عالمی قوانین کو پامال کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی مسلسل کوشش حوثی باغیوں اور ان کے سرپرستوں کی مجرمانہ ذہنیت کی عکاس ہے۔ 
کرنل المالکی نے مزید بتایا کہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پابندی کرتے ہوئے سعودی افواج اپنے ملک اور شہریوں کی سلامتی کے لیے کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

شیئر: