Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب دنیا کی تیز ترین رولر کوسٹر چلے گی

رولر کوسٹر کو چلانے کی ذمہ داری امریکی کمپنی ’سکس فلیگز‘ کو دی گئی ہے، تصویر: سکس فلیگز
سعودی عرب میں دنیا کی تیز ترین، لمبی ترین اور بلند ترین رولر کوسٹر چلائی جائے گی۔
’عرب نیوز‘ کے مطابق رولر کوسٹر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مغرب میں 40 کلومیٹر دور القدیہ میں دنیا کے سب سے بڑے تفریحی پارک کا حصہ ہو گی۔
واضح رہے کہ رولر کوسٹر القدیہ میں 32 ہیکٹر رقبے پر مشتمل تھیم پارک کی 28 دلچسپیوں میں سے ایک ہو گی۔ اس کے علاوہ واٹر پارکس، موٹر سپورٹس اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد بھی اس منصوبے کا حصہ ہو گا۔
واضح رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے گذشتہ برس اپریل میں اس عظیم الشان اور دنیا کے سب سے بڑے تفریحی پارک کا سنگ بنیاد رکھا جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس منصوبے کا افتتاح 2023 کے آغاز میں کیا جائے گا۔

حکام کو توقع ہے کہ تفریحی پارک میں روزانہ 15 ہزار سیاح آئیں گے، تصویر: عرب نیوز

القدیہ کا تفریحی پارک امریکی کمپنی ’سکس فلیگز‘ چلائے گی جسے توقع ہے کہ روزانہ 15 ہزار سیاح اس پارک کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے کہ ’ سکس فلیگز‘ کمپنی 1961 میں ٹیکسس (امریکہ) میں قائم ہوئی تھی اور اس وقت اس کے شمالی امریکہ میں 26 تفریحی مراکز ہیں۔
کمپنی کے صدر ڈیوڈ میک کلپس کا کہنا ہے کہ القدیہ میں 90 سے 120 دن ایسے ہوتے ہیں جب موسم بہتر اور سازگار ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ تفریحی پارک کو سال کے 365 دن سیاحوں کے لیے کھولنے کی حکمت عملی بنائی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے فضا میں پانی کا چھڑکاؤ کرنے سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔
’عرب نیوز‘ کے مطابق اس تفریحی پارک کے ذریعے 800 افراد کو کل وقتی ملازمتیں دی جائیں گی جبکہ القدیہ کے دیگر منصوبوں سمیت مجموعی طور پر 17 ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

شاہ سلمان نے گذشتہ برس اپریل میں تفریحی پارک کا سنگ بنیاد رکھا، تصویر: عرب نیوز

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 2030 تک القدیہ کا یہ منصوبہ دنیا کا سب سے بڑا سیاحتی مرکز بن جائے گا جو 334 مربع کلومیٹر کے علاقے پر مشتمل ہو گا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق قدیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تفریحی پارک میں سالانہ 15 لاکھ سیاحوں کی آمد متوقع ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق اس منصوبے پر 30 ارب سعودی ریال (8 ارب ڈالرز) لاگت آئے گی۔

شیئر: