Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جارحیت کیخلاف دفاع کا حق ہے، لبنان

لبنان کی اعلی دفاعی کونسل کے اجلاس میں اسرائیلی حملے پر غور کیا گیا ۔
 لبنان نے بیروت میں اسرائیلی ڈرون حملے کے بعد زور دے کر کہا ہے کہ ملکی دفاع کا حق رکھتے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق لبنان کی اعلی دفاعی کونسل کے اجلاس میں اسرائیلی حملے پر غور کیا گیا ۔ اجلاس کے بعد جاری بیان میں اعلی دفاع کونسل نے کسی بھی جارحیت کے خلاف لبنان کے دفاع کا عزم ظاہر کیا ۔
 قبل ازیں لبنانی صدر میشال عون نے خبردار کیا تھا کہ بیروت کے جنوبی علاقے پر اسرائیلی حملہ اعلان جنگ ہے ۔
ایوان صدارت سے جاری ٹوئٹر پر بیان میں کہا گیا کہ جنوبی بیروت پر اسرائیل کے ڈرونز گر کر تباہ ہو گئے ۔یہ حملہ اعلان ِجنگ جیسا ہے ۔لبنانی صدر نے اقوام متحدہ کے رابطہ کار برائے لبنان یان کوبیچ سے اسرائیلی حملے کے مضمرات پر بات چیت کی۔

بیروت کے جنوبی علاقے پر اسرائیلی حملہ اعلان جنگ ہے ۔ لبنانی صدر

عرب میڈیا کے مطابق میشال عون نے کہا کہ ان کا ملک اسرائیل کے ڈرونز حملے کے بعد اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے ۔اس حملے نے ہمیں اپنی خودمختاری اور ملک کی سلامتی کےلئے دفاع کا حق دیدیا ہے ۔
 میشال عون نے جو حزب اللہ کے اتحادی ہیں مزید کہا کہ ’ہم امن پسند قوم ہیں جنگجونہیں ، کوئی کسی بھی طرح سے ہمیں دھمکائے یہ قابل قبول نہیں‘ ۔
 دریں اثناء اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتنیاہو نے لبنانی حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصر اللہ کو سوچ سمجھ کر بولنے اور کرنے کامشورہ دیا ہے ۔
 نتنیاہو نے منگل کو اپنے بیان میں کہا کہ ’میں نے نصر اللہ کا کہا سن لیا ، میری تجویز ہے کہ وہ گھبراہٹ میں کمی لائیں ، انہیں یہ بات بہت اچھی طرح سے معلوم ہے کہ اسرائیل اپنا دفاع کرنا اچھی طرح سے جانتا ہے۔

اسرائیل اپنا دفاع کرنا اچھی طرح سے جانتا ہے۔ نتنیاہو

اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انہیں پتہ ہے کہ اسرائیل اپنے دشمنوں کو اپنے کئے کا خمیازہ بھگتنے پر کس طرح مجبور کرتا ہے ۔میں ان سے اور ہمیں صفحہ¿ ہستی سے مٹانے کی آرزو مند اس تنظیم کو پناہ دینے والی لبنانی ریاست سے یہ کہنا چاہتا ہوں۔ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سے بھی یہی کہوں گا کہ آپ لوگ ناپ تول کر بات کریں اور کام اس سے کہیں زیادہ سوچ سمجھ کر کریں۔
 دوسری طرف امریکی نائب صدر مائیک پنس نے اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائیل کے لیے امر یکی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
مائیک پنس نے ٹویٹ میں کہا کہ واشنگٹن ، اسرائیل کے درپیش ناگزیر خطرات سے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
 

شیئر: