Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہد آفریدی اور گوتم گمبھیر پھر لڑ پڑے

شاہد آفریدی کے ساتھ گوتم گھمبیر کی پہلی لڑائی 2007 میں کانپور میں ہونے والے ایک ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران ہوئی تھی. فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی اور انڈیا کے سابق اوپنر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے دہلی سے رکن پارلیمان گوتم گمبھیر کرکٹ کے میدان میں تو مدمقابل رہا کرتے تھے لیکن اب سوشل میڈیا پر بھی دونوں عام طور پر مد مقابل رہتے ہیں۔
دونوں سابق کھلاڑیوں کے درمیان سوشل میڈیا پر اکثر کرکٹ کے ساتھ کشمیر کا مسئلہ تلخ اور شدید ٹکراؤ کا باعث بنتا ہے۔
ایک بار پھر دونوں ریٹائرڈ کرکٹر کشمیر کے مسئلے پر آمنے سامنے ہیں۔ ہر چند کہ کشمیر کا مسئلہ تقسیم ہند کی پیداوار ہے لیکن رواں سال پانچ اگست کو جب سے انڈیا نے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کی ہے اس دن سے کشمیر انڈیا اور پاکستان کے درمیان شدید کشیدگی کا باعث ہے۔

نئے جھگڑے کی ابتدا

دراصل پاکستان کے وزیراعظم اور سابق کرکٹ کپتان عمران خان نے کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے مزار قائد پر یکجا ہونے کے لیے کہا تھا۔ آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے گذشتہ روز اپنے ایک ٹویٹ میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ وزیراعظم عمران خان کی کال پر عمل کریں اور وہ بھی جمعے کو 12 بجے مزار قائد پر حاضری دیں گے۔
انھوں نے لکھا کہ ’ایک قوم کی حیثیت سے ہمیں ’کشمیر آور‘ کے وزیراعظم کی کال پر عمل کرنا چاہیے۔ میں جمعے کو 12 بجے مزار قائد پر ہوں گا۔ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار میں میرا ساتھ دیں۔ چھ ستمبر کو میں ایک شہید کے گھر جاؤں گا اور جلد ہی ایل او سی کا بھی دورہ کروں گا۔‘
اس کے جواب میں گوتم گمبھیر نے شاہد آفریدی کے ٹویٹ کا مذاق اڑاتے ہوئے لکھا: 'لوگو، اس تصویر میں شاہد آفریدی، شاہد آفریدی سے شاہد آفریدی کو شرمسار کرنے کے لیے شاہد آفریدی کا اگلا پروگرام بتا رہا ہے جو کہ بغیر شکوک و شبہات کے ثابت ہے کہ شاہد آفریدی نے بالغ النظر ہونے سے انکار کر دیا ہے! میں شاہد آفریدی کی مدد کے لیے کنڈر گارٹن ٹیوٹوریل کا آرڈر کر رہا ہوں۔'
اس نوک جھونک پر جہاں ٹوئٹر صارفین نے گرما گرم بحث کی وہیں شاہد آفریدی نے گوتم گمبھیر کا مذاق اڑاتے ہوئے ان کی ایک تصویر ٹویٹ کی اور لکھا: کراچی میں موسم تبدیل ہو گیا، بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ جب جب گوتم گمبھیر خود کو باموقع بنانا چاہتے ہیں مجھے یہ یاد آ جاتا ہے۔
اس ٹویٹ کے ساتھ شاہد آفریدی نے گوتم کی جو تصویر پیش کی ہے اس کے ساتھ انڈیا کے سابق مینٹل کنڈیشننگ کوچ پیڈی اپٹن کا مبینہ قول لکھا ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 'میں نے جتنے لوگوں کے ساتھ کام کیا ان میں گوتم گمبھیر سب سے کمزور اور ذہنی طور پر غیر محفوظ لوگوں میں سے ایک ہیں۔'

پرانے جھگڑے

اس سے قبل گذشتہ سال اپریل کے مہینے میں جب شاہد آفریدی نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی صورتحال سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہاں کے 'حالات نفرت انگیز اور پریشان کن ہیں۔'
اس کے جواب میں گوتم گمبھیر نے کہا تھا کہ آفریدی کے پاس 'ذہنی طور پر پسماندہ ڈکشنری ہے۔'

شاہد آفریدی نے 2013 میں اپنے مداحوں کے ساتھ ٹوئٹر پر ایک چیٹ کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کو کس کرکٹر سے سب سے زیادہ نفرت ہے تو انھوں نے گوتم گمبھیر کا نام لیا تھا۔ اس کے بعد جب لالا یعنی آفریدی سے کسی نے پوچھا کہ کیا وہ اب بھی گمبھیر کے دوست نہیں ہوئے تو انھوں نے جواب دیا کہ کبھی نہیں ہو سکتے۔
رواں سال جب انڈیا نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا اعلان کیا تھا تو شاہد آفریدی نے ٹویٹ کیا تھا کہ 'اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے۔ ہم تمام لوگوں کی طرح آزادی کا حق۔' ان کے اس ٹویٹ پر بھی گوتم گمبھیر نے جواب دیا تھا اور لکھا تھا کہ آفریدی 'بلا اشتعال جارحیت' اور 'انسانیت سوز جرائم' کی بات درست کر رہے ہیں لیکن 'بس وہ یہ کہنا بھول گئے کہ یہ سب پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ہو رہا ہے۔'
گوتم گمبھیر، شاہد آفریدی کے علاوہ کرکٹ کے میدان میں سنہ 2010 میں پاکستانی وکٹ کیپر کامران اکمل کے ساتھ بھی 'تو تو میں میں' کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ شاہد آفریدی کے ساتھ گوتم گھمبیر کی پہلی لڑائی 2007 میں کانپور میں ہونے والے ایک ون ڈے انٹرنیشنل کے دوران ہوئی تھی جس کے نتیجے میں دونوں پر کھیل کا وقار مجروح کرنے کے لیے جرمانہ ہوا تھا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں