Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سچن دیکھو، کوہلی تمہارے پیچھے ہے‘

شین وارن کہتے ہیں کہ سمتھ اور کوہلی میں مقابلہ سخت ہوتا جائے گا، تصویر: اے ایف پی
کرکٹ میں ایک وقت تھا جب یہ سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا کہ کوئی بیٹسمین اپنے کیرئیر میں سینچریوں کی سینچری بنا سکے گا لیکن یہ کارنامہ انڈیا کے مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر نے سرانجام دے دیا۔
سچن ٹنڈولکر نے اپنے کیریئر میں 51 ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں 49 سینچریاں سکور کیں اور مجموعی طور پر 100 سینچریاں بنا کر یہ رکارڈ قائم کیا۔ ٹنڈولکر نے یہ رکارڈ 200 ٹیسٹ اور 463 ایک روزہ میچز کھیل کر قائم کیا۔
سچن کے رکارڈ بنانے کے بعد یہ بحث شروع ہو گئی تھی کہ کیا یہ رکارڈ ٹوٹ سکتا ہے اور اگر ٹوٹ سکتا ہے تو پھر یہ رکارڈ توڑے گا کون؟
زیادہ تر ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ رکارڈ توڑنا خاصا مشکل ہے تاہم آسٹریلیا کے سابق لیجنڈری لیگ سپنر شین وارن اس بارے میں مختلف رائے رکھتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ سچن ٹنڈولکر کا رکارڈ ایک بیٹسمین توڑ سکتا ہے اور وہ ہے وراٹ کوہلی۔

ٹنڈولکر نے ٹیسٹ میں 51 ایک روزہ میچز میں 49 سینچریاں بنا رکھی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی 

انڈو ایشیئن نیوز ایجنسی کو ایک انٹرویو میں شین وارن نے کہا کہ انڈین کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان وراٹ کوہلی جن کی مجموعی سینچریوں کی تعداد 68 ہے، اس رکارڈ کو توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وارن کہتے ہیں کہ وہ سمجھتے ہیں سچن ٹنڈولکر کا رکارڈ خطرے میں ہے اور اگر سچن ٹنڈولکر سے یہ سوال پوچھا جائے گا کہ آیا کوہلی ان کا رکارڈ توڑ سکتے ہیں تو وہ یقیناً اس کا جواب ہاں میں دیں گے۔
’یہ ایک بہت دلچسپ صورت حال ہو گی، میں کہتا ہوں سچن دیکھو، وراٹ آ رہا ہے۔‘
شین وارن نے مزید کہا کہ اگر کرکٹ کے تمام فارمیٹس کی بات کی جائے تو وراٹ کوہلی بہترین بیٹسمین ہیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں سٹیو سمتھ آگے ہیں۔

کوہلی نے ون ڈے میں 43 اور ٹیسٹ میں 25 سینچریاں بنائی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

شین وارن کہتے ہیں ’جیسے جیسے ٹیسٹ کرکٹ آگے بڑھے گی سمتھ اور کوہلی میں مقابلہ سخت ہوتا جائے گا۔‘
شین وارن نے ساتھ ہی کہا کہ اگر مجھے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک بیٹسمین کا انتخاب کرنے کو کہا جائے تو میں سمتھ کا کہوں گا، لیکن اگر سمتھ نہ ہوں تو میں کوہلی کے ساتھ بھی خوشی محسوس کروں گا کیونکہ وہ ایک لیجنڈ ہیں۔
سابق آسٹریلوی لیگ سپنر نے کہا کہ اگر مجھے کہا جائے کہ میں کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں سے ایک بلے باز کو منتخب کروں تو میں وراٹ کوہلی کا انتخاب کروں گا۔

سمتھ نے ٹیسٹ میچز میں 25 اور ون ڈے میں 23 سینچریاں بنائی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں ویون رچرڈ کو عظیم ترین بیٹسمین پایا شاید ہر طرح کی کرکٹ میں، تاہم موجودہ دور میں کوہلی ایک روزہ کرکٹ کے سب سے اچھے بلے باز ہیں۔ ’میرے خیال کے مطابق وہ رچرڈ سے آگے نکل گئے ہیں۔‘
یاد رہے کہ وراٹ کوہلی نے 79 ٹیسٹ میچز میں 25 اور 239 ایک روزہ میچز میں 43 سینچریاں بنائی ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے سٹار بیٹسمین سٹیو سمتھ نے 66 ٹیسٹ میچز میں 25 سینچریاں اور 118 ون ڈے میچز میں 23 سینچریاں بنا رکھی ہیں۔
واٹس ایپ پر کھیلوں کی خبریں حاصل کرنے کے لیے ''اردو نیوز سپورٹس' گروپ جوائن کریں

شیئر: