Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 فیملی فیس، جولائی 2020کے بعدکیا ہوگا ؟

سرکاری طور پر اس حوالے سے کوئی احکامات موصول نہیں ہوئے ۔جوازات
سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے اہل خانہ پر4 برس کےلئے ماہانہ بنیاد پر’ فیملی فیس ‘کا اطلاق کیا گیا تھا جس کا آغاز جولائی 2017 میں ہوا ۔ جولائی 2020 تک یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔
ماہانہ بنیاد پرعائد فیملی فیس 2017 میں 100 ریال فی شخص کے حساب وصول کی گئی ۔ جولائی 2018 میں 200ریال اور جولائی2019 میں 300 ریال ماہانہ کے حساب سے فیس وصو ل کی گئی ۔ 
جولائی 2020 میں 400 ریال ماہانہ کے حساب سے فی شخص فیس وصول کی جائے گی ۔ماہانہ فیسوں کی ادائیگی کے بعد ہی تارکین اور انکے اہل خانہ کے اقاموں کی تجدید ممکن ہو تی ہے ۔ 

ماہانہ بنیاد پر’ فیملی فیس ‘کا اطلاق جولائی 2017 میں ہوا ۔

اس حوالے سے تارکین کی اکثریت کا کہنا ہے کہ جولائی 2020 کے بعد فیسوں کے بارے میں کیا پالیسی اپنائی جارہی ہے ۔ سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن سے اس بارے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے استفسار کیا تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ آئندہ برس سے فیسوں کا نظام کیا ہو گا ۔ 
جوازات سے پوچھے جانے والے سوالات میں زیادہ ان ہی فیسوں سے متعلق تھے۔ ڈائریکٹریٹ جنرل جوازات کا کہنا تھا کہ ابھی تک سرکاری طور پر اس حوالے سے کوئی احکامات موصول نہیں ہوئے ۔ فیسوں کے بارے میں حتمی احکامات موصول ہوتے ہی انکے بارے میں سرکاری طور پر اعلان کیا جائے گا ۔ جوازات کے ذرائع کاکہنا تھا کہ سوشل میڈیا کی باتوں پر توجہ نہ دی جائے حتمی احکامات اخبارات میں شائع کئے جائیں گے ۔ 
واضح رہے مملکت میں معاشی حالات کو بہتر بنانے اور معیشت کو مستحکم کرنے کےلئے چار سالہ پروگرام جاری کیا گیا تھا تاکہ مملکت میں پٹرول کے علاوہ دیگر ذرائع آمدنی میں اضافہ کیاجاسکے ۔ سعودی عرب کے معاشی سسٹم میں متعدد تبدیلیاں لائی گئی جن میں ویلیوایڈیٹ ٹیکس کا نفاذ ، تارکین کے اقاموں کی فیسوں میں تبدیلی کے علاوہ سعودی عرب میں مقیم تارکین کے اہل خانہ پر فیسوں کا نفاذ تھا ۔
تارکین پر عائد کی جانے والی ماہانہ فیسوں کے بعد بڑی تعداد میں غیر ملکیوں نے اپنے اہل خانہ کو مستقل بنیادوں پر اپنے ملک بجھوا چکے ہیں۔ سعودی عرب کے وہ علاقے جہاں ایشیائی بڑی تعداد میں مقیم تھے وہاں اکثر عمارتوں میں فلیٹ خالی ہو گئے ۔ 
جدہ میں العزیزہ کا علاقہ جہاں پاکستانی اور ہندوستانی کمیونٹی اسکول ہیں 3 برس قبل فلیٹ ملنا انتہائی مشکل تھا ۔ اس علاقے میں 4 کمرے کے فلیٹ کا کرایہ 35 ہزار ریال سالانہ ہوا کرتا تھا جو اب 18 سے 22 ہزار سالانہ میں دستیاب ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: