Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشز کا چوتھا ٹیسٹ، انگلینڈ کو شکست

سٹیو سمتھ عمدہ بیٹنگ کی وجہ سے مین آف دی میچ قرار پائے۔ فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ میں جاری ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 185 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی واضح برتری حاصل کر لی ہے۔
اتوار کو اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ پر میچ کے پانچویں روز انگلینڈ کی ٹیم جیت کے لیے 383 رنز کے تعقب میں میدان میں اتری مگر اس کے بیٹسمینوں کی مزاحمت کے باوجود پوری ٹیم صرف 197 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ٹیسٹ کے پانچویں روز وکٹ پر بیٹنگ آسان نہیں تھی لہذا انگلینڈ کے بیٹسمینوں کو شروع سے ہی مشکلات کا سامنا رہا اور اس کا کوئی بھی بیٹسمین نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔
اوپننگ بیٹسمین ڈینلے 53 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین جوس بٹلر 111 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 34 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے۔
انگلینڈ کی طرف سے آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کریگ اوورٹن تھے جنہیں امپائر کی جانب سے ایل بی ڈبلیو قرار دے دیا گیا۔ انہوں نے 105 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے محض 21 رنز بنائے۔

آسٹریلیا اب ایشز سیریز ہار نہیں سکتا۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے 24 اوورز میں 43 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر ہیزل وڈ اور سپر لیون نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ٹیسٹ کے مین آف دی میچ آسٹریلوی بیٹسمین سٹیو سمتھ رہے جنہوں نے میچ کی پہلی اننگز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 211 جبکہ دوسری اننگز میں 82 رنز بنائے۔ بال ٹیمپرنگ کے الزام میں گذشتہ برس ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہاتھ دھونے والے سمتھ نے اپنی ان اننگز کی بدولت دنیائے کرکٹ سے خوب داد سمیٹی۔
ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 497 رنز بناتے ہوئے اننگز ڈیکلیئر کر دی تھیں۔ اس میں سمتھ کے 211 رنز کے ساتھ ساتھ لیبا شین کے 67، وکت کیپر بیٹسمین ٹم پین کے 58 اور فاسٹ بولر مچل سٹارک کے 54 رنز بھی شامل تھے۔
انگلینڈ کی طرف سے کرس براڈ نے تین، لیچ اور اوورٹن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤت کیا تھا۔
آسٹریلیوی اننگز کے جواب میں انگلینڈ اپنے اوپننگ بیٹسمین برنز کے 81، کپتان جو روٹ کے 71 اور وکٹ کیپر بیٹسمین جوس بٹلر کے 41 رنز کی بدولت 301 کا مجموعی سکور بنانے میں کامیاب رہی۔
دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے 186 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دیں اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 383 رنز کا ہدف دیا لیکن اس کے بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکے اور 197 رنز بنا کر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیوی ٹیم کے کھلاڑی فتح کے بعد جشن منا رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

یہ 2001 کے بعد پہلا موقعہ ہے کہ انگلینڈ کی سرزمین پر کھیلتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم اس پوزیشن میں آگئی ہے کہ وہ اب ایشز سیریز ہار نہیں سکتی۔
سیریز کا پانچواں اور آخری میچ جمعرات کو اوول کے گراؤنڈ پر شروع ہو گا۔ یوں اگر انگلینڈ کو اس میچ میں بھی شکست ہوتی ہے تو آسٹریلیا 18 سال بعد انگلینڈ کو انگلینڈ میں ہرا کر ایشز سیریز جیت لے گا۔

شیئر: