Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سیاحتی ویزے کب جاری ہوں گے؟

50ممالک کے شہریوں کو ویزے آن لائن دیئے جائیں گے۔
سعودی عرب نے سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کیلئے ویزوں کے نئے قانون کا عندیہ دیا ہے۔ ویزوں کے قانون میں ترامیم ہونگی۔ اس سے سیاحت کے شعبے کو فروغ ملے گا۔ سیاحت کا شعبہ مستقبل میں پٹرول آمدنی کانعم البدل بن جائے گا۔
بلومبرگ کے مطابق سعودی عرب 50ممالک کے شہریوں کو وزٹ ویزے کی سہولت فراہم کرے گا۔ جو لوگ اپنی سالانہ تعطیلات سعودی عرب میں گزارنا چاہیں گے انہیں وزٹ ویزے آسانی سے ملیںگے۔
العربیہ نیٹ نے بلومبرگ کے حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب کے باخبر ذرائع نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ستمبر 2019ءکے آخر سے 50ممالک کے شہریوں کو آسانی سے وزٹ ویزے ملنے لگیں گے۔ ابھی تک ان ممالک کی حتمی فہرست تیار نہیں ہوئی ہے۔

وزٹ ویزا فیس 440 ریال  ہوگی۔  فیصلے پر 27ستمبر سےعملدرآمد متوقع ہے۔

عکاظ اخبار کے مطابق سعودی عرب وزٹ ویزوں کا نیا قانون تیار کر رہا ہے۔ اسکے تحت 50ممالک کے شہریوں کو سیاحت او رملنے ملانے کیلئے سعودی عرب کے ویزے آن لائن دیئے جائیں گے۔ یہ ویزے سعودی ہوائی اڈوں پر پہنچنے کے بعدبھی جاری ہونگے۔
ویزا فیس کیا ہوگی
عکاظ اخبار کے مطابق وزٹ ویزے کی فیس 440سعودی ریال (تقریباً 117ڈالر) ہوگی۔ اس فیصلے پر عملدرآمد 27ستمبر سے متوقع ہے۔
سعودی محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے ترجمان نے عکاظ کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے وزٹ ویزے کی تفصیلات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

سعودی عرب نے کئی  سیاحتی منصوبوں پر کام شروع کردیا ۔

بلومبرگ کا کہناہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران سعودی عرب صرف حج ، عمرہ یا ملازمت کے ویزے جاری کرتا رہا ہے۔خاندان کے منتشر افراد کو یکجا کرنے کے لئے بھی ویزے دیتا رہا ہے۔ اب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ملکی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے نئے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اس پر 2016ءسے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ سیاحت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اسی منصوبے کا حصہ ہے۔
 نئے سیاحتی منصوبے کیا ہیں
بلومبرگ نے مزید بتایا کہ سعودی عرب نے کئی عظیم الشان سیاحتی منصوبوں پر کام شروع کردیا ۔ ان میں سے ایک کا تعلق بحر احمر کے منصوبے سے ہے۔یہ سیاحوں اور تعطیلات پسندیدہ مقامات پر گزارنے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑا پرکشش منصوبہ ہے۔ سعودی دارالحکومت ریاض کے قریب تفریحاتی مرکز بھی بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔
سعودی عرب نے 2018ءکے دوران پہلی مرتبہ سیاحتی ویزے آن لائن حاصل کرنے کی سہولت دی ہے۔ اس اسکیم کے تحت سیاحتی پروگرام اور کانفرنسوں میں شرکت کیلئے آن لائن ویزے جاری کئے گئے۔
 

شیئر: