Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھر سے باہر رہنے پر بیوی نے جان لے لی

اہل محلہ کے مطابق میاں بیوی کے درمیان لڑائی جھگڑا روز کا معمول تھا۔ فوٹو اے ایف پی
شوہر کی عادتوں سے نالاں مصری خاتون نے معمولی تنازعے پر شوہر کو قتل کردیا۔
پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔
سعودی روزنامے عکاظ نے مصری  خبررساں ایجنسی ارم نیوز کے حوالے سے لکھا ہے کہ مصر کی الجیزہ کمشنری میں پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک فلیٹ میں رہنے والے جوڑے میں شدید لڑائی ہو رہی ہے۔ اطلاع دینے والے نے مزید کہا کہ فلیٹ سے چیخ و پکار کی آوازیں آرہی ہیں تاہم بعد ازاں انہوں نے پولیس کو یہ کہہ کر آنے سے روک دیا کہ معاملہ ٹھیک ہو گیا۔
اہل محلہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ جوڑے کا یہ روز کا معمول تھا۔ خاتون خانہ انتہائی غصے والی تھی اوران کی پڑوسیوں سے بھی نہیں بنتی تھی۔ کہا جا رہا تھا کہ خاتون کی کوئی سہیلی بھی نہیں۔ شوہر ہمیشہ خاتون کو سمجھاتا رہتا تھا مگر وہ معمولی باتوں پرسیخ پا ہو جاتیں جس سے گھر کا ماحول انتہائی خراب رہنے لگا تھا۔
واقعے کی رات شوہر کے دیر سے گھر آنے پر خاتون اپنے اعصاب پر قابو نہ رکھ سکیں اور گھر کا دروزاہ کھولتے ہی ان میں لڑائی شروع ہو گئی۔ خاتون طیش میں آکر باورچی خانے سے سبزی کاٹنے کا چھرا اٹھا لائیں اور شوہر پر حملہ کر دیا۔ تیز دھار چھری کے وار سے شوہر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
متاثرہ جوڑے کے پڑوسیوں نے پولیس کو بتایا کہ ان کے گھر سے لڑائی کی آوازیں آنا بند ہو گئیں تو وہ یہ سمجھے کہ معاملہ حسب سابق ٹھنڈا ہو گیا۔ دوسرے دن گھر میں سناٹا رہا جس پر پڑوسیوں کو تشویش ہوئی تو انہوں نے پولیس کو طلب کر لیا۔ پولیس اہلکاروں نے گھر کا دروزاہ کھولا تو سامنے اس شخص کی خون میں لت پت لاش پڑی تھی جبکہ گھر میں کوئی نہیں تھا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے بیوی کو گرفتار کر لیا جس نے ابتدائی تحقیقات کے دوران اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ جب  شوہر سے گھر سے باہر رہنے کی وجہ پوچھی تو وہ خاموش ہو گیا جس پر وہ اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکی۔
پولیس نے ملزمہ کا ابتدائی بیان لینے کے بعد کیس محکمہ تحقیقات کے سپرد کر دیا جہاں سے عدالت میں چالان بھیجا جائے گا۔ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب، مشرق وسطی کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں​

شیئر: