Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ ختم  ہونے پر غیر ملکی طلبہ کو رعایت 

شام اور یمن سے تعلق رکھنے والے وہ طلبہ جو وزٹ ویز ےپر مقیم ہیں اپنے ویزوں کی مدت میں توسیع کروائیں
وزارت تعلیم و تربیت نے مملکت میں مقامی ، نجی اور غیر ملکی اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ملکی طلبہ جن کے اقاموں کی مدت ختم ہو چکی ہے انہیں رواں تعلیمی سال کے اختتام تک تعلیم جاری رکھنےکی اجازت ہے ۔ وزارت کی جانب سے جاری احکامات پر عمل کرتے ہوئے   ریجنل  محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر  امتحانات و داخلہ  ایمن الرکبان نے عربی نیوز ویب سائٹ سبق کو بتایا کہ ریاض ریجن میں تمام اسکولوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہے کہ  اقامہ  مدت کی بنیاد پر کسی طالب علم کو سال کے اختتام تک اسکول سے نہ نکالا جائے ۔

اقامہ  مدت کی بنیاد پر کسی طالب علم کو سال کے اختتام تک اسکول سے نہ نکالا جائے

  ڈائریکٹر امتحانات الرکبان نے مزید کہا کہ وزارت تعلیم کی جانب سے واضح ہدایات ہیں جو تمام اسکولوں پر لاگو ہوتی ہیں ۔ہدایات میں مزید کہا گیا ہے وہ طلبہ  و طالبات جن کے پاس شناختی دستاویزات موجود ہیں اور وہ اسکول میں زیر تعلیم ہیں مگرانکے اقاموں کی مدت ختم ہو چکی ہے انہیں تعلیم جاری رکھنے کی اجازت ہے اس ضمن میں  وزٹ  ویزے پر مملکت میں مقیم شامی اور یمنی طلبہ  کے لئے خصوصی رعایت کی گئی ہے ۔
اس حوالے سے وزارت تعلیم کی جانب سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شام اور یمن سے تعلق رکھنے والے وہ طلبہ جو وزٹ ویزوں پر مملکت میں مقیم ہیں ان کے والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے ویزوں کی مدت میں توسیع کروائیں تاہم  شامی طلبہ کو نجی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کی اجازت ہو گی ۔

وزارت تعلیم کی جانب سے واضح ہدایات ہیں جو تمام اسکولوں پر لاگو ہوتی ہیں 

واضح رہے مملکت میں قانون کے مطابق ہر طالب علم کا اقامہ کارڈ ہونا لازمی ہے خواہ وہ کسی حکومتی ، نجی یا غیر ملکی اسکول میں زیر تعلیم ہو ۔ ہر طالب علم کو سالانہ بنیاد پر اقامے کی فوٹو کاپی اسکول میں جمع کرانی پڑتی ہے جسے اسکول انتظامیہ کی جانب سے وزارت تعلیم کے مرکزی سسٹم  سے منسلک  مخصوص پروگرام " النور" کے ذریعے وزارت تعلیم کو ارسال کیا جاتا ہے ۔
سعودی عرب میں بڑی تعداد میں پاکستانی طلبا بھی مختلف شہروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ جدہ میں اس وقت پاکستانی کمیونٹی کے 2بڑے اسکول ہیں جہاں پاکستانی طلباء کی تعداد مجموعی طور پر 10 ہزارطلبہ ہے جبکہ طائف ، ریاض اور دمام میں بھی پاکستانی کمیونٹی اسکول ہیں علاوہ ازیں مدینہ منورہ میں نجی اسکول میں بھی پاکستانی طلبہ تعلیم حاصل کر رہے  ہیں ۔

سعودی عرب کے سرکاری اسکولوں میں بھی غیر ملکی طلباموجود ہیں

سعودی عرب کے سرکاری اسکولوں میں بھی غیر ملکی طلباموجود ہیں جن میں کافی تعداد ایسے پاکستانیوں کی بھی ہے جن کے والدین برسوں سے مملکت میں مقیم ہیں ۔ 
وزارت تعلیم کی جانب سے اقامہ مدت کے حوالے سے ان طلبہ کو کافی سہولت ہو گی جن کے والدین اضافی مالی بوجھ کی وجہ سے اپنے اقامے تجدید نہ کروا سکے جس کے باعث انہیں اسکولوں سے انتباہی نوٹس جاری کردیئے جاتے ہیں ۔ 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: