Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت کے ساحل پر ڈرون کی پرواز سے خوف

کویت شہر کے ساحل پر ڈرون کی پرواز کے متعلق تحقیقات شروع کردی ہیں
کویت کے ساحل پر ڈرون کی پرواز سے ملک میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ سوال پوچھا جارہا ہے کہ ڈرون کہاں سے اور کیسے پہنچا، اس کا ہدف کیا تھا؟ حکومت نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق کویت کے نائب وزیر اعظم و وزیر داخلہ شیخ خالد الجراح الصباح نے کہا ہے کہ سیکیورٹی افسران نے کویت شہر کے ساحل پر متعدد علاقوں میں ڈرون کی پرواز کے متعلق تحقیقات شروع کردی ہیں۔
کویتی جریدے الرای کے مطابق ڈرون امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے محل کے قریب پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ ڈرون دار سلوی نامی محل کے احاطے کے قریب پہنچا تو 250میٹر کی بلندی تک آگیا تھا۔
آر ٹی کے مطابق کویتی کابینہ نے اعلامیہ جاری کرکے بتایا ہے کہ وزیر اعظم شیخ جابر المبارک نے اتوار کو کویتی افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد الخضر، سیکریٹری داخلہ عصام النہام اور فوج و پولیس کے اہم کمانڈروں کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔

ڈرون امیر کویت کے محل کے قریب پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا

نائب وزیر اعظم انس خالد الصالح نے میٹنگ کے بعد بتایا ہے کہ سیکیورٹی کمانڈروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مستقبل میں اس طرح کے خطرات سے نمٹنے کیلئے ضروری تدابیر کرلی جائیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ فوجی اور سیکیورٹی اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کویت کے تمام اہم مقامات میں حفاظتی انتظامات سخت کردیں اور امن کے تحفظ کو یقینی بنانے والے ضروری اقدامات کریں۔ شہریوں اورغیر ملکیوں کو ہر خطرے سے بچانے کیلئے تدابیراختیار کریں۔
 

شیئر: