Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین، روس اور جاپان نے تیل تنصیبات پر حملے کی مذمت کردی

چین نے تمام فریقوں سے اپیل کی ہے کہ کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے کشیدگی بڑھے۔ (فوٹو: سبق)
چین، روس، جاپان اور آسٹریا نے آرامکو تیل تنصیبات پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کردی ہے۔ تمام ممالک نے الگ الگ بیان جاری کرکے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق روسی دفتر خارجہ نے اعلامیہ جاری کر کے کہا کہ’ہم سعودی آرامکو کی تیل تنصیبات، اقتصادی و سماجی بنیادی ڈھانچہ تباہ کرنے اور توانائی کی طلب و رسد میں توازن خراب کرنے والی کسی بھی کارروائی اور حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں‘۔

تمام ممالک نے الگ الگ بیان جاری کرکے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے  (فوٹو: العربیہ)

چینی دفتر خارجہ کی ترجمان ہواچنگ ینگ نے کہا ہے کہ ’چین سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کی مذمت کرتا ہے اور کسی بھی ملک کے شہریوں اور سول تنصیبات پر حملوں کا مخالف ہے۔ چین تمام فریقوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے خطے میں کشیدگی بڑھ جائے‘۔
جاپانی وزیر خارجہ نے آرامکو تیل تنصیبات پر تخریبی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مشرق وسطیٰ میں امن واستحکام پوری عالمی برادری کے امن و استحکام کے لیے بیحد اہم ہے‘۔
جاپانی وزیرخارجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ’مشرق وسطیٰ سے تیل کی محفوظ سپلائی جاپان سمیت پوری دنیا کی معیشت اور استحکام و خوشحالی کے لیے اشد ضروری ہے‘۔
آسٹریا کے وزیر خارجہ الیگزینڈر چیلمبرگ نے کہا کہ ’سول تنصیبات اور شہریوں پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ اس سے علاقے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے‘۔

شیئر: