Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ عبدالعزیز کا98برس پرانا پیغام کیا ہے ؟

کنگ عبدالعزیز اکیڈمی نے دستاویز جاری کی ہے۔فائل فوٹو
کنگ عبدالعزیز اکیڈمی نے 98برس پرانی بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کی ایک دستاویز جاری کی ہے۔
انہوں نے اپنے دور کے رواج کے مطابق ملک کے تمام علاقوں کی مساجدکے خطیبوں کے نام پیغام بھیجا تھا۔ جس  میں  کہا گیا تھا کہ وہ ملک کے تمام لوگوں تک ان کا پیغام پہنچائیں۔ اسے پبلک مقامات پر پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ عبدالعزیز نے اپنے اس پیغام میں تاجروں، گورنروں، طلباء ، علماء اور عام مسلمانوں کو مشکل اوقات میں صبر و تحمل اور نعمتوں کے ماحول میں شکر اور اپنے فرائض انجام دینے کی تلقین کی تھی۔ پیغام کے اہم نکات یہ ہیں۔
جنگ اور مصیبت کے وقت صبر
جنگ اور مصائب کے دوران شہروں اور دیہات کے لوگ مشکلات سے دوچار ہوئے۔ایسے عالم میں سب سے موثر کام صبر اور تحمل ہے۔

اپنے دور کے رواج کے مطابق مساجدکے خطیبوں کے نام پیغام بھیجا تھا۔فائل فوٹو

تنگ دستی اور مجبوری کے عالم میں ایک دوسرے کی دست گیری بے حد کارگر نسخہ ہے۔
مشکل حالات سے بیزار نہ ہوں۔ یقین رکھیں کہ ہر مشکل کے بعد آسانی یقینا پیدا ہوگی۔
نعمتوں پر شکر:
اللہ تعالیٰ نے ہمیں اسلام کی نعمت سے نوازا ہے۔ یہ دنیا اور آخرت دونوں جہانوں میں کامیابی کی کلید ہے۔اس پر رب کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم بہت کم ہے۔تمام فرائض کا اہتمام لازم ہے۔
اسلام سے نسبت کا دعویٰ کافی نہیں۔ اسلامی روح کو سمجھ کر اللہ کی مکمل تابعداری سب سے اہم ہے۔
اللہ کے احکام پر عمل کیا جائے، اللہ نے جن باتوں سے منع کیا ہے ان سے باز رہا جائے۔

پیغام میں  مشکل اوقات میں صبر و تحمل اور نعمتوں کے ماحول میں شکر کی تلقین کی تھی۔فوٹو؛ ایس پی اے 

دوستی بھی اللہ کی خاطر ہو اور دشمنی بھی اللہ ہی کی رضا کے لیے کی جائے۔ سب لوگ آپس میں ا یک دوسرے کے خیر خواہ بنیں۔ ایک دوسرے کی برائی اور چوں چرا سے باز رہیں۔
امن و امان برقرار رکھیں۔ صحت کی حفاظت کریں۔
نعمتوں پر اللہ کا زیادہ سے زیادہ شکر کریں۔ زبان سے ہی نہیں عمل سے بھی شکر گزاروں کے لیے زیادہ سے زیادہ نعمتوں کا وعدہ ہے۔
گناہوں سے دور رہا جائے، غلطیوں سے بچا جائے۔ ہمیشہ اپنی غلطیوں پر اپنا احتساب کرتے رہیں۔
نمازاور عبادتوں میں غفلت سے کام نہ لیں۔دنیا کے چکر میں دین کو نہ بھولیں۔کمزوروں کو اللہ کی عطا کردہ نعمتوں میں سے انکا حصہ دیتے رہیں۔
طلباءاور علماءاپنے علم کے مطابق آگہی کا کام کریں۔اچھائی کی تلقین کریں، برائی سے منع کریں۔ تاجر حضرات صارفین کا استحصال نہ کریں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: