Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہری حوثیوں کی قید سے رہا

سعودی شہری کو حوثیوں نے  یمن ہی سے اغوا کیا تھا۔
سعودی سکیورٹی حکام نے یمن کے حوثیوں کی جیل سے ا یک سعودی شہری ناصر الذروی کو آزاد کروا لیا ہے جو چار سال تک یمن میں قید و بند کی زندگی گزار رہے تھے۔
سعودی شہری کو حوثیوں نے  یمن ہی سے اغوا کیا تھا۔
اخبار 24 کے مطابق الذروی بدھ کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا تو اہل خانہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ان کے اہل خانہ کی خوشی دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی۔ الذروی نے طیارے سے اترتے ہی سجدہ شکر ادا کیا جس کی ویڈیو شوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق الذروی کا تعلق صبیا کمشنری کی بستی الوادعہ اور تیشہ سے ہے۔ اس نے کان زخمی ہوجانے پر 15برس پہلے سعودی فوج سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور اپنی بستی میں رہائش پذیر تھا۔ صبیا سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔ 
الذروی اپنے چچا زاد بھائیوں اور ماں، بیوی، بیٹوں اور بیٹیوں کے ہمراہ سکون کی زندگی گرار رہا تھا۔ اور سعودی عرب سے متصل یمنی بستیوں میں اس کا آنا جانا لگا رہتا تھا۔ یہ اس وقت کی بات ہے جب یہ پورا علاقہ امن کا گہوارہ تھا اور حوثیوں کا راج نہیں آیا تھا۔

چار برس کی قید کے بعد ناصر کو دیکھ کر ان کے اہل خانہ کے خوشی سے آنسو نکل آئے۔ 

یمن کو حوثیوں سے آزاد کرانے کے لیے سعودی عرب نے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ’فیصلہ کن طوفان’ نامی فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔ اس سے قبل الذروی اپنے معمول کے مطابق دوستوں سے ملنے کے لیے یمن گیا ہوا تھا۔
وہاں جانے کا ایک مقصد حجہ کے علاقے میں مسجد تعمیر کرانا بھی تھا۔ یہ سعودی علاقے جازان  سے بیحد قریب علاقہ ہے۔ مسجد کی تعمیر کا خرچ اس کی بیوی، بعض رشتہ داروں اور خو د اس نے اپنے ذمے لے رکھا تھا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق الذروی کے ہمراہ اس سفر میں ان کا 20 سالہ بھتیجا بھی تھا۔
الذروی کے چچا حسن بتاتے ہیں کہ جون 2015ء میں حوثیوں نے ناصر اور اس کے بھتیجے کو تفتیشی کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔ ناصر کے پرس سے آرمی اسپتال کا کارڈ دیکھ کر حوثی غصے میں آگئے۔ انہوں نے ناصر کو قیدی بنالیا جبکہ اس کے بھتیجے کو رہا کردیا تھا۔ اسی نے ناصر کے اغوا کی کہانی سعودی عرب پہنچ کر رشتہ دارو ں کو سنائی تھی۔ تب سے پورا خاندان ان کی رہائی کے لیے دن رات ایک کیے ہوئے تھا۔

العربیہ نیٹ کے مطابق الذروی کے یمن کے سفر میں ان کا 20 سالہ بھتیجا بھی تھا۔

ناصر کے چچا کا کہنا ہے کہ اب جاکر اتحادی افواج نے اسے رہا کرایا ہے اوراب وہ صحت و عافیت کے ساتھ وطن واپس پہنچ گیا ہے۔
العربیہ کے فوٹو گرافر علی خمج نے بتایا کہ جدہ ایئرپورٹ پر الذروی کے استقبال کا منظر سچ مچ قابل دید تھا۔ اس موقع پر انسانی جذبوں کا اظہار بھرپور شکل میں دیکھنے میں آیا۔ گھر والے الذروی کو گلے لگا کر انتہائی خوش بھی تھے اور ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو بھی بہہ رہے تھے۔
الذروی کے بچے جو چند لمحہ قبل تک نہایت افسردہ نظر آرہے تھے باپ کو دیکھ کر کھل اٹھے۔ فوٹو گرافر کا کہنا ہے کہ میں اس موقع پر اپنے پیشے کے تقاضے بھول گیا اور الذروی کے اہل خانہ کے ساتھ میں بھی رونے میں شامل ہوگیا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: