Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لوک داستانیں اور تلواروں کا رقص

سعودی عرب کے شہر جدہ کے علاقے الفیصلیہ میں شاہراہ ملک فہد اور شاہراہ ریحانہ الجزیرہ کے سنگم پر واقع عبدالرئوف خلیل میوزیم کے احاطے میں ثقافتی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔
سعودی عرب کے 89ویں یوم الوطنی کے سلسلے میں یہ اپنی نوعیت کی منفرد نمائش تھی جس میں سعودی عرب کی ثقافت اور یہاں کی روایات کو خوبصورت طریقے سے دکھایا گیا جس کے لیے دعوت عام تھی۔
اسلامی طرز کے اس روایتی عجائب گھر سے ملحق عرب اور خصوصی طور پر جدہ کی تاریخ اور ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے احاطے کے دو حصوں میں چھوٹے چھوٹے سٹال نہایت مہارت اور عمدہ طریقے سے لگائے گئے تھے۔
سٹالز پر آنے والوں کو روایتی قہوہ اور کھجوریں پیش کی جا رہی تھیں اور مختلف انواع کے مشروب اور طرح طرح کی مٹھائیاں آنے والوں کو اپنی جانب راغب کر رہی تھیں۔

نمائش میں بچوں کی دلچسپی کے لیے بھی کئی پروگرام مرتب کیے گئے

مختلف سٹالز پر عرب دستکاری اور کشیدہ کاری کے نمونے سجائے گئے۔ تاریخ اور ثقافت کو واضح کرنے کے لیے خوبصورت رنگوں اور منفرد انواع کے شیشوں سے مزین بہت سی پینٹنگز اور فن پاروں کی نمائش میں اپنی مثال آپ تھے۔
جاذب نظر ظروف اور مٹی کے برتن خاموش زبان سے روایتی اور لوک داستانیں پیش کر رہے تھے۔ اس نمائش میں بچوں کی دلچسپی کے لیے بھی کئی پروگرام مرتب کیے گئے۔
میوزیم کے بڑے ہال میں سٹیج پر مختلف ٹیبلوز کی مدد سے سعودی عرب کی تاریخ کے حوالے سے آگاہی دی گئی اور نمائش میں آنے والوں کی دلچسپی کے لیے دیگر پروگراموں کے ساتھ ملی نغموں اور تلواروں کا رقص پیش کیا گیا۔
ہال میں خواتین اور حضرات کے بیٹھنے کے لیے الگ الگ انتظام تھا۔ رات دیر گئے جاری رہنے والے ان پروگراموں میں حصہ لینے والوں نے حاضرین سے داد و تحسین حاصل کی۔

شیئر: