Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلیفہ بن زاید کو صدر منتخب ہونے پر سعودی قیادت کی مبارکباد

 امارات اور سعودی عرب کے برادر عوام کے تعلقات منفرد ہیں۔فوٹو واس
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کو دوبارہ منصب صدارت پر فائز کئے جانے کی مبارکباد پیش کردی۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے(واس) کے مطابق شاہ سلمان نے شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کے نام تہنیتی پیغام میں اس بات پر مسرت کا اظہار کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی سپریم کونسل نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ شاہ سلمان نے انہیں سعودی عوام و حکومت اور خود اپنی جانب سے مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی احسن شکل میں انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے شیخ خلیفہ کی زیر قیادت امارات کے برادر عوام کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کے جذبات کا بھی اظہار کیا۔

دونوں ممالک تمام شعبوں میں تعلقات کو عروج تک لے جانے کے خواہاں ہیں۔ فوٹو امارات الیوم

شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں توجہ دلائی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اس بات کا ذکر ضروری سمجھتے ہیں کہ امارات اور سعودی عرب اور دونوں ملکوں کے برادر عوام کے تعلقات منفرد ہیں اور دونوں ممالک تمام شعبوں میں باہمی تعلقات کو عروج کی نئی منزلوں تک لے جانے کے خواہاں اور کوشاں ہیں۔
ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی امارات کی سپریم کونسل کی جانب سے شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کے عہدے کی تجدید پر اظہار مسرت کرتے ہوئے انہیں تہنیتی پیغام بھیجا۔ انہوں نے شیخ خلیفہ بن زایدکے لیے خیر سگالی اور امارات کے برادر عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
متحدہ عرب امارات کی سپریم کونسل نے شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کو مزید5برس کے لیے ملک کا صدرچوتھی بار منتخب کیا۔ یہ فیصلہ امارات کے آئین کے مطابق کیا گیا۔
الامارات الیوم کے مطابق سپریم کونسل نے شیخ خلیفہ بن زاید کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ملک کی بھلائی، ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچائے۔ 
شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کو پہلی بار 3نومبر 2004ءمیں شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کی وفات کے بعد ملک کا صدر منتخب کیا گیا تھا۔

شیئر: