Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سمیت مختلف شہروں میں موسم غیر یقینی رہے گا

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ سے جمعہ تک جدہ سمیت متعدد شہروں میں موسم غیر یقینی رہے گا (فوٹو: سبق)
موسلادھار بارش کے باعث عسیر ریجن کی کمشنری رجال المع میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کردی گئیں جبکہ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ متعدد شہروں میں آج بدھ سے جمعہ تک موسم غیر یقینی رہے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق عسیر ریجن میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ 
  • اپ ڈیٹ رہیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

عسیر ریجن کی کمشنری رجال المع کے محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ ’محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے شہر بھر میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے‘۔
محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ ’فیصلہ طلبہ اور اساتذہ کی سلامتی کے لیے کیا گیا ہے۔ شہر میں تمام مراحل کے اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی‘۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ جدہ سمیت مکہ مکرمہ ریجن کی تمام کمشنریوں میں آج بدھ اور کل جمعرات کو موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
اسی طرح مدینہ منورہ شہر کے علاوہ اطراف میں بھی آج بدھ اور کل جمعرات کو بارش ہوگی جبکہ ینبع، العلا، خیبر اور مہد الذہب میں مطلع ابر آلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’حائل، ریاض، تبوک اور شمالی حدود ریجن میں جمعہ تک موسم غیر یقینی رہے گا۔
دریں اثنا محکمہ شہری دفاع نے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ تیز بارش کے وقت پر خطر مقامات سے دور رہیں۔ وادیوں اور نشیبی علاقوں کے قریب نہ جائیں اور غیر یقینی موسم میں ہائی وے کا سفر نہ کریں۔
 

شیئر: