Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’7 سال سے بھائی کی زیادتی کا شکار ہوں‘

’میں نے خاندان کی عزت کی خاطر سوشل میڈیا پر اپنا کیس پیش نہیں کیا مگر اب مجبور ہوکر یہ سب کر رہی ہوں‘
’امل کو بچاؤ‘ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بننے والا وہ ہیش ٹیگ ہے جس میں امل نامی ایک سعودی خاتون نے ویڈیو پیغام میں اپنے بھائی کی طرف سے گزشتہ 7 سال سے ہونے والے ظلم کی داستان سنائی ہے۔
امل کا ویڈیو پیغام وائرل ہوتے ہی متعلقہ سرکاری محکمے حرکت میں آگئے اور چھان بین شروع کردی ہے۔
ہوا یوں کہ امل نامی ایک خاتون نے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے کہ وہ بھائی کی طرف سے گزشتہ 7 سال سے زیادتی کی شکار ہیں۔
امل نے کہا ہے کہ ’میرا بھائی پہنچا ہوا شخص ہے، مجھے خوامخواہ میں مارتا پیٹتا ہے، گھر سے نکال دیا۔ میں نے پولیس میں شکایت کی اور اسے گرفتار کروایا مگر 15 منٹ کے بعد جیل سے باہر آگیا‘۔
امل کہتی ہیں ’میں نے اپنے حقوق کے لیے وکیلوں کا تقرر کیا مگر سب کے سب رشوت کھا کے بیٹھ گئے۔ کسی نے میرے کیس کی پیروی نہیں کی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’گھر سے نکالنے کے بعد میں گلیوں میں گھومتی پھرتی رہی، کہیں کوئی ٹھکانہ نہیں ملا۔ پھر آہستہ آہستہ میرے حالات بہتر ہونا شروع ہوئے تو پھر سے وہ میرے زندگی جہنم بنانے کے لیے آگیا‘۔
امل نے رو رو کے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں نے خاندان کی عزت کی خاطر سوشل میڈیا پر اپنا کیس پیش نہیں کیا مگر اب مجبور ہو کر یہ سب کر رہی ہوں‘۔
امل کا ویڈیو وائرل ہوتے ہی وزارت محنت وسماجی فروغ کے تحت کام کرنے والے خاندانی زیادتی کے انسداد کے مرکز نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مذکورہ کیس ہمیں موصول ہوا ہے، ہم نے اس کے متعلق چھان بین شروع کردی ہے‘۔
دوسری طرف ٹوئٹر صارفین نے ویڈیو پیغام پر امل کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے متعلقہ سرکاری محکموں سے تفتیش شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
صارفین نے کہا ہے کہ ’معاشرے سے خاندانی ظلم وزیادتی کا خاتمہ ہونا ضروری ہے‘۔
سعودی مردو خواتین صارفین نے کہا ہے کہ ’جو شخص کمزور عورت پر ظلم کرتا ہے وہ انسانیت کے درجے سے بھی خارج ہو جاتا ہے‘۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: