Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نکاسہ مارکیٹ میں چھاپہ، 70 ٹن غذائی اشیا تلف

غیر قانونی تارکین صحت کے معیار کا خیال رکھے بغیر سبزیاں، پھل، گوشت اور مچھلیاں فروخت کر رہے تھے ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ کی غیر قانونی مارکیٹ نکاسہ میں بلدیہ کے اہلکاروں نے چھاپہ مار کر 70 ٹن غذائی اشیا تلف کر دیں۔
نکاسہ مارکیٹ میں غیر قانونی تارکین وطن صحت کے معیار کا خیال رکھے بغیر اور غیر قانونی طور پر سبزیاں، پھل، گوشت اور مچھلیاں فروخت کر رہے تھے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’تفتیشی ٹیم اس سے قبل بھی یہاں کئی مرتبہ چھاپے مار چکی ہے۔ متعدد غیر قانونی تارکین گرفتار کئے جاچکے ہیں‘۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’ہر مرتبہ چھاپے کے چند دن بعد یہاں دوبارہ مارکیٹ لگائی جاتی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شہریوں اور غیر ملکیوں کو بھی کردار ادا کرنا ہوگا‘۔

میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’صحت کے کم سے کم معیار کا خیال رکھے بغیر یہاں کھلے عام اشیائے خور ونوش فروخت کی جا رہی ہیں جو خطرناک ہوسکتی ہیں‘۔
تفتیشی اہلکاروں نے کہا ہے کہ ’شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی افراد سے تعاون نہ کریں‘۔

تفتیشی اہلکاروں نے بتایا ہے کہ ’نکاسہ سے ضبط ہونے والی غذائی اشیا کو مجبورا تلف کرنا پڑا کیونکہ بچا ہوا کھانا تقسیم کرنے والے ادارے نے اسے لینے سے انکار کر دیا ہے‘۔
دوسری طرف مستحق افراد میں بچا ہوا کھانا تقسیم کرنے والے ادارے نے کہا ہے کہ ادارہ غیر معیاری اور مضر صحت کھانا نہیں لیتا۔
 

شیئر: