Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’غیر ملکی سیاح ماسک پہنیں ورنہ ملک سے نکال دیا جائے گا‘

طبی ماہرین اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ ماسک کا استعمال مفید ہے (فوٹو:اے ایف پی)
تھائی لینڈ کے وزیر صحت نے غیر ملکی سیاحوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک نہ پہننے پر ملک سے نکالا بھی جا سکتا ہے۔
جمعے کو بنکاک میں ماسک تقسیم کرتے ہوئے وزیر صحت انوتن چرنویراکول نے کہا کہ غیر ملکیوں کو دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
تھائی لینڈ کی مجموعی ملکی پیداوار کا 18 فیصد حصہ سیاحت سے آتا ہے اور ان سیاحوں میں لگ بھگ ایک چوتھائی تعداد چینی باشندوں کی ہوتی ہے۔  
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تھائی لینڈ میں اب تک کورونا وائرس کے 25 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے نو مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔
وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ غیر ملکی سیاح ماسک نہیں پہنتے اور ایسا برتاؤ کرتے ہیں جیسے ان کو کوئی پرواہ نہیں۔
اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ برس ایک کروڑ چینی سیاح تھائی لینڈ پہنچے تھے لیکن سیاحتی شعبے کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ اس بار گذشتہ سال کے مقابلے میں لگ بھگ 20 لاکھ کم سیاح تھائی لینڈ آئیں گے۔ 
کورونا وائرس دو درجن سے زیادہ ملکوں میں پھیلا ہوا ہے جس سے ہزاروں لوگ متاثر ہوئے ہیں۔

تھائی لینڈ میں اب تک کورونا وائرس کے 25 کیسز سامنے آ چکے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

طبی ماہرین اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ نظام تنفس کی خرابی کے مریضوں کے لیے ماسک کا استعمال مفید ہے۔
تاہم تھائی لینڈ میں عالمی ادارہ صحت کے دفتر نے چار فروری کو اپنی ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ جن کو نزلہ و زکام اور کھانسی والی یا سانس کی خرابی کے حوالے سے علامات نہیں ہیں ان کو ماسک پہنے کی ضرورت نہیں۔
عالمی ادارہ صحت نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ ہاتھ باقاعدہ دھوتے رہیے اور اپنے چہرے کو چھونے سے پرہیز کریں۔

شیئر: