Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت: چٹانیں گرنے اور مٹی بیٹھ جانے سے 4 کارکن ہلاک، متعدد زخمی

کمیٹی معلوم کرے گی کہ ٹھیکیدار نے سلامتی کے ضوابط کے سلسلے میں کتنی غفلت برتی ہے (فوٹو: الرای)
کویت کے المطلاع رہائشی منصوبے میں چٹانیں گرنے اور مٹی بیٹھ جانے پر 4 کارکن ہلاک اور متعدد زخمی ہوگیے جبکہ کئی ملبے تلے دب گیے ہیں۔
مقامی اخبار الرای کے مطابق کویتی وزیر برائے امور آباد کاری اور وزیر روزگار ڈاکٹر رنا الفارس نے حادثے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے رہائشی منصوبے پر کام کے دوران زیر تعمیر عمارت کی چٹانوں اور ریت کا دھڑن تختہ ہوجانے کے اسباب معلوم کرنے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔

الفارس نے توجہ دلائی ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر کام کر کے یہ پتہ لگائے کہ ٹھیکیدار اس واقعہ کا کس حد تک ذمہ دار ہے۔
انہوں نے یہ معلوم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے کہ ٹھیکیدار نے امن وسلامتی کے ضوابط اور پابندیوں کے سلسلے میں کتنی غفلت برتی ہے۔

کویتی وزیر نے ہنگامی تحقیقاتی کمیٹی کو رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ اگر ٹھیکیدار کی لاپروائی ثابت ہوگئی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ حادثے کا جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کا احتساب ہوگا۔
دوسری طرف عینی شاہدین نے کہا ہے کہ ’واقعہ بدھ کی شام 4 بجے پیش آیا تھا۔ چینی کمپنی اس وقت رہائشی منصوبے کےایک پلاٹ پر کام کرا رہی تھی‘۔

عینی شاہدین نے کہا ہے کہ ’واقعہ کی اطلاع فورا ہی وزارت داخلہ، وزارت صحت، شہری دفاع اور دیگر متعلقہ اداروں کو کر دی گئی تھی‘۔
شاہدین نے بتایا کہ ’فوری طور ہنگامی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور رات دیر تک امدادی کام جاری رہا‘۔

شاہدین نے کہا ہے کہ ’امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبنے والے 4 کارکنوں کو نکال لیا اور انہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا‘۔
محکمہ شہری نے کہا ہے کہ ’ملبے کے نیچے دبنے والوں میں سے 3 کارکنوں کو نکالا گیا مگر اس وقت تک وہ ہلاک ہوچکے تھے جبکہ چوتھے کارکن کا لاش بعد میں ملی‘۔

شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’تین کارکنوں کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ان میں سے دو انڈین اور ایک نیپالی کارکن ہے‘۔
 
 
 

شیئر: