Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایف سی پوسٹ پر حملہ، پانچ اہلکار ہلاک

حملہ آوروں نے چیک پوسٹ پر گھات لگا کر حملہ کیا (فائل فوٹو: آئی این پی)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ (تربت) میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر نامعلوم عسکریت پسندوں کے حملے میں پانچ سکیورٹی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔
تربت میں سیکورٹی فورسز کے ایک عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا ہے کہ ایران سے ملحقہ ضلع کیچ کے علاقے بلنگور سے تقریبا 30 کلومیٹر دور گٹی کور میں قائم فرنٹئیر کور بلوچستان کی 125 ونگ کی ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم حملہ آوروں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔
عہدیدار کے مطابق مسلح عسکریت پسندوں نے مختلف اطراف سے چیک پوسٹ پر چھوٹے ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی۔
ایف سی کے اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم حملے میں ایف سی کے پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے جن کی شناخت نائیک سرور خان، لانس نائیک الیاس خان، لانس نائیک نقیب اللہ، لانس نائیک عبداللہ اور سپاہی ضیاء الرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کے تبادلے میں تین اہلکار سپاہی روزی خان، سپاہی حامد علی اور سپاہی احسان زخمی بھی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔ ایف سی اہلکاروں کی مدد کے لیے قریبی چیک پوسٹوں اور بلنگور کے ونگ ہیڈ کوارٹر سے اضافی نفری مدد کے لیے پہنچی تاہم اس سے پہلے حملہ آور ندی اور پہاڑی کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سکیورٹی عہدیدار کے مطابق حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریش کیا جا رہا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

لاشوں اور زخمیوں کو بلنگور پہنچایا گیا ہے جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے تربت اور پھر آبائی علاقوں کو منتقل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایران کی سرحد سے ملحقہ بلوچستان کا یہ ضلع ایک دہائی سے زائد عرصے تک بلوچ علیحدگی پسند مسلح تنظیموں کا گڑھ رہا ہے۔ یہاں اس سے قبل بھی سکیورٹی فورسز پر حملے ہو چکے ہیں۔

شیئر: