Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حادثے میں زخمی شہری کو سعودی نرسوں نے بچالیا

نرسوں کے جذبے کی قدر کرتے ہوئے محکمہ صحت نے تعریفی اسناد دینے کا فیصلہ کیا ہے (فوٹو: مزمز)
سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط میں ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے شہری کو سڑک سے گزرنے والی نرسوں نے بچا لیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں تین سعودی نرسوں کو دکھایا گیا جو ایک زخمی شہری کو سڑک پر طبی امداد فراہم کر رہی ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خمیس مشیط شاہراہ پر حادثہ ہوگیا تھا جس میں ایک شہری شدید زخمی ہوکر بے ہوش ہوگیا۔
اتفاقیہ طور پر اسی وقت تین نرسیں اسی سڑک سے گزر رہی تھیں جنہوں نے اپنی گاڑی روک کر زخمی کو طبی امداد فراہم کی۔
دوسری طرف عسیر اور نجران ریجن میں محکمہ صحت کے ترجمان خالد بن عائض عسیری نے کہا ہے کہ ’طبی امداد پہنچانے والے نرس کا نام عائشہ الشہری ہے۔ ان کے ساتھ دو زیر تربیت نرسیں تھیں جن کے نام صفیہ الشہری اور منال الشہری ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’نرسوں کی انسانیت نوازی قابل قدر ہے۔ ان کے اسی جذبے کی قدر کرتے ہوئے محکمہ صحت نے انہیں تعریفی اسناد دینے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

شیئر: