Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس: جنوبی کوریا میں امریکی فوجی سمیت 1146 متاثر

چین کے بعد جنوبی کوریا میں وائرس کے متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ فوٹو اے ایف پی
جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 1146 ہو گئی ہے۔ چین کے بعد کسی بھی ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے شہریوں کی سب سے بڑی تعداد جنوبی کوریا میں سامنے میں آئی ہے۔
کوریا کے بیماریوں پر قابو پانے والے ادارے نے گیارہ ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ حالیہ ہلاکت منگولیا سے تعلق رکھنے والے فرد کی ہے، جو جگر کی پیوندکاری کے لیے جنوبی کوریا کے ہسپتال میں زیر علاج تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو 169 مزید وائرس کے کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 1146 کو پہنچ گئی ہے۔
متاثرین میں ایک امریکی فوجی بھی شامل ہے جو جنوبی کوریا میں واقع امریکی فوجی اڈے میں تعینات تھا۔ کسی بھی امریکی فوجی کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا یہ پہلا کیس ہے۔
کوریا میں امریکی افواج کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وائرس سے متاثر امریکی فوجی کیمپ کیرل میں تعینات تھا جو وائرس زدہ شہر ڈائے گو سے 30 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
متاثرین میں سے 90 فیصد کا تعلق جنوبی کوریا کے چوتھے بڑے شہر ڈائے گو سے ہے۔
25 لاکھ کے آبادی والے شہر ڈائے گو کی گلیاں کئی دنوں سے ویران ہیں۔ شہری صرف ضرورت کے تحت مارکیٹوں کا رخ کرتے ہیں ورنہ وائرس کے خدشے کے باعث اپنے گھروں تک ہی محصور ہیں۔

چین میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 78،000 ہو گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

حکام نے شہریوں کو اضافی احتیاط برتنے اور بخار کی صورت میں گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
جنوبی کوریا کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے تمام حکومتی وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
چین میں بدھ کو 52 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو گزشتہ تین ہفتوں کے مقابلے میں سب سے کم تعداد ہے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2715 ہو گئی ہے۔
تمام نئے متاثرین کا تعلق صوبہ ہوبائے سے ہے جہاں سے کورونا وائرس کی ابتدا ہوئی تھی۔
حالیہ دنوں میں چین کے متعدد صوبوں سے بھی نئے کیسز رپورٹ نہیں ہوئے ہیں۔
چین میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 78000 ہو گئی ہے جبکہ وائرس درجنوں ممالک تک پھیل گیا ہے۔

شیئر: