Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے چوتھی ہلاکت، مزید 99 مریض

اب تک 51 ہزار افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے ہیں(فوٹو، ٹویٹر)
سعودی عرب میں ہفتے کو مزید 99افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد مملکت میں مجموعی مریضوں کی تعداد 1203 ہو گئی۔
وزارت صحت نے ریاض میں کورونا میں مبتلا سعودی شہری کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے۔اب تک کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4ہو چکی ہے۔
وبائی مرض کورونا سے اب تک 37 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں ۔

دس مریض بیرون ملک سے آئے تھے جبکہ 89لوکل کیرئیر سے متاثر ہوئے(فوٹو، ٹویٹر)

ہفتے کے دن سب سے زیادہ ریاض شہر میں کورونا وائرس کےمریضوں کی تصدیق ہوئی جن کی تعداد 41 اور الخبر میں ایک مریض کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز سعودی عرب کے مختلف شہروں میں کورونا کے جن 99مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ان میں ریاض شہر میں 41، جدہ 18، مکہ مکرمہ 12، القطیف 12، مدینہ منورہ ، 6، تبوک 3، خمیس مشیط 3، ابھا 1، الھفوف 1، الخبر 1 اور السیھات کمشنری میں ایک مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے ٹوٹیراکاونٹ پر کہا گیا ہےکہ ہفتے کے روز جن نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے 10مریض بیرون ملک سے آئے تھے جبکہ 89مریض لوکل کیرئیر کی وجہ سے اس وبائی مرض کا شکار ہوئے۔
دریں اثنا ترجمان وزارت صحت ڈاکٹر محمد العبدالعالی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کا شمار دنیا کے 10بہترین ممالک میں ہوتا ہے جہاں کورونا وائرس کے حوالے سے مثالی حفاظتی انتظامات کیے جارہے ہیں، اب تک 51ہزار افراد کا کورونا ٹیسٹ کیاجاچکا ہے۔
ڈاکٹر العبدالعالی نے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں اورشہریوں سے اپیل کی کہ وزارت صحت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور گھروں تک محدود رہیں تاکہ اس وبائی مرض پر جلد از جلد قابو پایا جاسکے۔

شیئر: