Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے مزید 110مریض، دو اموات

گزشتہ 24گھنٹے کے دوران 50 افراد صحتیاب ہوئے(فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 110مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے  جبکہ کووڈ 19 میں مبتلا مزید 2افراد جان کی بازی ہار گئے۔
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے یومیہ بنیاد پرمنعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی مجموعی تعداد 1563 تک پہنچ چکی ہے۔

کورونا سے بچاو کے لیے سماجی رابطوں کو عارضی طور پر ختم کر دیاجائے( فوٹو، ٹویٹر)

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2افرادہلاک ہوئے جس کے بعد مملکت میں’کووڈ 19‘ کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 10 ہو چکی ہے۔
ڈاکٹر العبدالعالی نے مزید بتایا کہ کورونا میں مبتلا 50 افراد گزشتہ 24گھنٹے کے دوران صحتیاب ہوئے۔ کورونا سے شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 165ہوچکی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے ٹویٹر پر جاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں جن مریضوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں ریاض میں 33، جدہ میں 29، مکہ مکرمہ میں 20، القطیف میں 7، الخبر میں 4، دمام اور مدینہ منورہ میں 3، 3  ، الھفوف ،الظھران اور جازان میں 2،2 ۔ ابھا ، خمیس مشیط، راس تنورہ ، الخفجی اور البدائع شہروں میں ایک ایک مریض شامل ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاو کے لیے وزارت کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں اور سماجی رابطوں کو عارضی طور پر ختم کردیں تاکہ جلد ازجلد اس مرض پر قابو پایا جاسکے۔
دریں اثنا وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے ’سبق‘نیوز کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ کورونا وائرس کے حوالے سے22 ہزار افراد کو قرنطینہ اور ہوم آئیسولیشن میں رکھا گیا جن میں سے 50فیصد میں ’کووڈ 19‘ کا جراثیم نہیں پایا گیا‘۔
 
 

شیئر: