Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹاپ کمپنیوں میں 7.7 ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری

امریکی کپمنی اوبر میں پی اٗئی ایف کی سرمایہ کاری کی مالیت دو ارب ڈالر ہیں (فوٹو: فوربز)
کورونا وائرس کے باعث عالمی معاشی بحران کے دوران سعودی عرب کے ویلتھ فنڈ ’پبلک انوسٹمنٹ فنڈ‘ نے دنیا کی صف اول کی کمپنیوں میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی ویلتھ فنڈ نے دنیا کی صف اول کی بہترین کمپنیوں میں سات ارب ڈالر سے زائد مالیت کے حصص خرید لیے ہیں۔
300 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے سعودی ادارے نے دنیا کی صف اول کی کمپنیوں بشمول بوئنگ، فیس بک، ڈزنی، میریٹ اور سٹار بکس میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔
 
پی آئی ایف نے امریکہ کے دو بینکوں سٹی گروپ اور بینک آف امریکہ میں بھی سرمایہ کاری کی ہے جب کہ تیل کی بڑی کمپنیوں برٹش پٹرولیم، ٹوٹل اور رائل ڈچ شیل میں بھی حصص حرید لیے ہیں۔
سٹاک مارکیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی ویلتھ فنڈ کی جانب سے بھاری سرمایہ کاری اس اعتماد کا مظہر ہے کہ کورونا کے باعث پیدا ہونے والے بحران سے بری طرح متاثر کمپنیاں جلد ہی اس بحران سے نکل آئیں گی اور ان کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔
نومورا ایسٹ منیجمنٹ مڈل ایسٹ کے چیف ایگزیکٹیو طارق فضل اللہ نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ ایسا لگتا ہے کہ سعودی ویلتھ فنڈ نے قمیتوں کا طویل مدت کے تناظر میں جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے شیئرز اس وقت خرید لیے جب قیمتیں گر گئی تھی اور ان کا خیال ہے کہ قیمتیں دوبارہ بڑھیں گی۔‘
اس بھاری سرمایہ کاری کا جواز پیش کرتے ہوئے سعودی ویلتھ فنڈ کا کہنا تھا کہ ’ طویل مدت کی حکمت عملی کے ساتھ بطور سرمایہ کار ہم مستقل سعودی عرب اور دنیا بھر میں سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش میں ہوتے ہیں جو کہ طویل مدتی منافع کا باعث ہو۔ اس سے سعودی عوام کا فائدہ ہوتا ہے اور ملک کی معاشی شرح نمو بھی بہتر ہوتی ہے۔‘
امریکی سٹاک مارکیٹ کو بھیجے گئے اعلامیے کے مطابق سعودی پبلک فنڈ کے پاس نئی سرمایہ کاری کے بعد امریکی کمپنیوں میں 10 بلین ڈالر مالیت کے حصص ہیں۔

سعودی ویلتھ فنڈ نے والٹ ڈزنی کمپنی میں بھی شیرز خرید لیے ہیں۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

ان میں سے سب سے بڑی سرمایہ کاری جو کہ دو ارب ڈالر ہیں اوبر کمپنی میں ہے جسے پہلے ہی ڈیکلیر کیا گیا ہے۔
اوبر کے بعد سعودی عرب کی سب سے بڑی سرمایہ کاری برٹش پٹرولیم میں ہے اور شیئرز کی مالیت 827 ملین ڈالر ہیں جبکہ بوئنگ میں 713 ملین ڈالر اور فیس بک اور سٹی گروپ میں سرمایہ کاری کی مالیت علیحدہ عیلحدہ 521 ملیں ڈالر ہیں۔
 پی آئی ایف کی نئی سرمایہ کاری میں ٹریول، تفریحی اور مہمان نوازی کی صنعت کا بھی اہم حصہ ہے۔ پی آئی ایف نے میریٹ ہوٹل، آئن لائن ٹریول کمپنی ’بکنگ ڈاٹ کام‘ اور ایونٹ پروموٹر ’لائیو نیشن‘ میں بھی حصص خرید لیے ہیں۔
حالیہ سرمایہ کاری میں ٹیکنالوجی کی کمپنیوں سیسکو، کوالکام اور براڈ کام میں بھی حصص خریدے گئے ہیں۔
پی آئی ایف نے لیجنڈری انوسٹر وارن بفٹ کی کمپنی بریک شائر ہاتھوے میں بھی شیئر خرید لیے ہیں۔
ایک سعودی بینکار کا کہنا ہے کہ ’ یہ پی آئی ایف کا بفٹ کو بتانے کا الگ انداز ہے کہ وہ (پی آئی ایف) ان سے زیادہ پر امید ہیں۔‘
خیال رہے امریکی سٹاک مارکیٹ میں عالمی لاک ڈاؤن کے بعد 30 فیصد کمی آئی تھی لیکن امریکی حکومت کی مداخلت کے بعد 15 فیصد تک ریکوری ہوئی ہے۔

شیئر: