Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ سمیت کئی علاقوں میں بارش ، سیلابی صورتحال

نجران اور مدینہ منورہ سے گرد آلود ہواؤں کی اطلاعات ہیں(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کی چار کمشنریوں میں جمعے کو بارش ہوئی ہے۔ طائف، اضم، العرضیات اور میثان میں بارش کے بعد سیلابی صرتحال ہے۔ ژالہ باری کی بھی اطلاعات ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں موسمیات کے ماہر علی الحربی نے توقع ظاہر کی ہے کہ سعودی عرب کے چار علاقوں تہامہ الجازان، عسیرِ، باحہ اور مکہ مکرمہ  کے بالائی اور نشیبی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔ بارش کا سلسلہ اللیث عسیر اور جازان کے ساحلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔  
نجران گورنریٹ نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ سیلاب سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے مقامات سے دور رہاجائے۔سڑکوں اور پلوں پر پانی جمع ہونے کی صورت میں احتیاط برتی جائے۔ ایسے مقامات پر تیراکی نہ کی جائے جہاں بارش کا پانی جمع ہوگیا ہو۔ سیلاب کا پانی پینے کے لیے نہ استعمال کیا جائے۔ گاڑی میں سیلاب کے  ریلے کو عبور کرنے سے گریزکیا جائے۔ 
دوسری طرف نجران اور مدینہ منورہ سے گرد آلود ہواؤں کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ بدر الجنوب، حبونہ اور خباش  کمشنریوں میں رات 8 بجے تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہوتی رہی ہے۔ 
القنفذہ کمشنری، اس کی تحصیلوں اورآس پاس کے علاقوں میں جمعے کو موسلا دھار بارش نے طوفانی سیلاب کی شکل اختیار کرلی۔ دوپہر سے عصر تک بارش ہوتی رہی۔ بجلی منقطع ہوگئی ۔ چٹانیں گرنے کی وجہ سے کئی قریوں کے راستے بند ہوگئے۔ 
سبق اور عاجل ویب سائٹ کے مطابق زبردست بارش  سے مشرقی قنفذہ میں ٹریفک معطل ہوگیا کئی شاہراہیں بند ہوگئیں۔

سیلاب کا ریلا ایک گاڑی کو بہا لے گیا(فوٹو عاجل)

وادی قنونا بنی عیسی میں سیلاب کا ریلا ایک گاڑی کو بہا لے گیا ۔تین کلو میٹر تک گاڑی سیلاب کے دھارے میں بہتی رہی تاہم گاڑی میں سوار سوڈانی معجزاتی طور پر بچ گئے۔ گاڑی کے الٹتے ہی اس سے چھلانگ لگانے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
 مکہ مکرمہ، منی، مزدلفہ اور عرفات میں جمعے کی سہ پہر سے بارش ہورہی ہے۔ ماہرین موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ رات دیر گئے تک اس کا سلسلہ جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ  بحیرہ عرب کے شمال میں آئندہ 48 گھنٹے کے دوران موسلا دھار بارش ہوگی۔ بحر عرب اور خلیج عمان بارش کی زد میں ہوں گے۔ تیز ہوائیں چلیں گی۔ سلطنت عمان کے متعدد علاقوں میں اونچی لہریں اٹھیں گی۔

شیئر: