Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئسولیشن کی خلاف ورزی پر 50 ہزار درہم جرمانہ

’حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی اور لوگوں کی جان خطرے میں ڈالنے پر 50 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا گیا ہے‘ ( فوٹو: الریاض)
دبئی پولیس نے کورونا کے شکار ہونے والے ایک نوجوان کوآئسولیشن کی خلاف ورزی پر 50 ہزار درہم جرمانہ کر دیا ہے۔
مقامی اخبار الامارات الیوم کے مطابق حکومت دبئی کے میڈیا آفس نے کہا ہے کہ ’مذکورہ نوجوان مصری شہری ہے جس نے کورونا وائرس کی حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی کی ہے‘۔
تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے دبئی پولیس کے عہدیدار بریگیڈیئر جمال سالم الجلاف نے بتایا ہے کہ ’مصری نوجوان میں کورونا کی تصدیق ہوگئی تھی جس کی بنا پر اسے گھر میں محدود رہنے کا کہا گیا تھا‘۔
’تاہم اس نے آئسولیشن کے ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گھر سے باہر نکلا اور مختلف لوگوں سے میل جول رکھا تھا‘۔
’نوجوان نے آئسولیشن کی خلاف ورزی کا تفصیلی واقعہ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا‘۔
عہدیدار نے مزید کہا ہے کہ ’مذکورہ شخص جان بوجھ کر دوسرے لوگوں کے لیے خطرے کا باعث بنا ہے‘۔
’حکومتی ضابطوں کے مطابق اس کا یہ اقدام حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزی اور لوگوں کی جان خطرے میں ڈالنے کے مترادف قرار دے کر اس پر 50 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا گیا ہے‘۔

شیئر: