Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمرہ زائرین کی خدمت ہمارے لیے اعزاز‘

سعودی عرب میں مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ ہم ان دنوں غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں۔ درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے منگل کو ’عمرہ زائرین کی خدمت ہمارے کارکنان کے لیے اعزاز‘ مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کیا ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس سال نئے کورونا وائرس کے انسداد اور مسجد الحرام اور اس کے زائرین کو وائرس سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کے ماحول میں یہ مہم شروع کی جارہی ہے۔ 
ڈاکٹر السدیس کا کہنا تھا کہ مسجد الحرام کے خدام کو کورونا وبا کے ماحول میں عالمی حالات کو مدنظر رکھنا ہوگا۔ ہر کارکن کا فرض ہے کہ وہ سعودی عرب میں وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر ایس او پیز کی پابند کرے اور کرائے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ زائرین کی خدمت ہمارے ذمے ہے۔ ہمیں زائرین کی رہنمائی اور ہر چھوٹے بڑے زائر کے ساتھ پیار محبت سے پیش آنا ہمارا فرض ہے۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ کے ہر کارکن کو ایمانداری، نیک نیتی، فرض شناسی اور عظیم اعزاز کےاحساس سے سرشارہوکر زائرین کی خدمت کرنا ہوگی۔ 
ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ اس سال ہم وبا کے باعث غیرمعمولی حالات سے گزر رہے ہیں- ہمیں درپیش حالات سے خود کو ہم آہنگ کرکے خدمت کرنا ہے-  

حفاظتی اقدامات کے ماحول میں مہم شروع کی جارہی ہے۔(فوٹو عرب نیوز) 

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق منگل کو جنرل پریذیڈنسی کی مشاورتی کونسل کا اجلاس ڈاکٹر السدیس کی صدارت میں ہوا۔ کورونا وبا کے ماحول میں عمرہ موسم کے پروگراموں اور سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ اجلاس کا مقصد انتظامیہ میں مشاورت کے اصول کو فروغ دینا اور انتظامات کو جدید شکل و صورت دینے کی کوشش کرنا تھا۔

شیئر: