Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پیر سے جمعرات تک بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان 

شاہراہوں پر سفرکرنے والے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں(فوٹو، ایس پی اے)
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل پیر سے آئندہ جمعرات تک سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ 
 اخبار24 کے مطابق  موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ ،ریاض ، قصیم ، باحہ ، جازان ، الشرقیہ ، حائل اور حدود شمالیہ ریجنوں کی کمشنریوں اور متعدد شہروں میں کل سے جمعرات تک مسلسل بارش کی توقع ہے ۔
کہیں درمیانے درجے کی جبکہ کہیں موسلا دھار بارش ہونے کا قوی امکان ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے ۔ متعدد  جگہوں پر دھند چھائی رہے گی ۔

شہری دفاع نے اہم شاہراہوں پر امدادی یونٹس متعین کردیئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)

موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ عسیر کے بعض شہروں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو گی جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت بھی متوقع ہے ۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے حوالے سے شہری دفاع کی جانب سے شہریوں اور غیرملکیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ افراد جو پہاڑی علاقوں میں سفر کرتے ہیں ان دنوں خصوصی احتیاط برتیں۔
تفریحی مقامات پر جانے والوں کو متنبہ کیا ہے کہ نشیبی اور سیلابی پانی کی گزرگاہوں سے دوررہیں ایسی جگہوں پر پڑاو نہ ڈالیں جو برساتی ریلے کی گزرگاہیں ہیں۔
ہائی ویز پر سفر سے قبل اپنی گاڑیوں کا معائنہ کریں ، ونڈ شیلڈ کے وائپرز اور ٹائروں کی خصوصی طور پر جانچ کی جائے۔

احتیاط کے پیش نظر سیلابی گزرگاہوں سے دوررہیں(فوٹو، ایس ہی اے)

شہری دفاع کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اہم شاہراہوں پر امدادی یونٹس متعین کردیئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری طور پرامداد مہیا کی جاسکے۔ 

شیئر: