Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر 21 افراد گرفتار

گرفتارغیر ملکیوں کو ڈیپوٹیشن سینٹر بھجوا دیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض ریجن میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران وزارت افرادی قوت کی تفتیشی ٹیموں نے اقامہ اور محنت قانون کی خلاف ورزیوں پر مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 21 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
وزارت کی تفتیشی ٹیم کا کہنا ہے کہ اقامہ اور محنت کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بیشتر غیر ملکی انفرادی ویزے پر مملکت میں مقیم تھے جو اپنے کفیل کے علاوہ دوسری جگہ پر کام کر رہے تھے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق وزارت افرادی قوت کی تفتیشی ٹیموں نے گرفتار کیے جانے والے تمام غیر ملکیوں کو ڈیپوٹیشن سینٹر بھجوا دیا ہے جہاں ان سے مزید تحقیقات کے بعد انہیں ملک بدر کیا جائے گا۔
تفتیشی ٹیم کا مزید کہنا تھا کہ مختلف غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے 19 چالان کیے گئے ہیں جن میں سعودی کارکنوں کو میڈیکل انشورنس کی سہولت فراہم نہ کرنا، غیرقانونی طور پر غیر ملکی ملازمین کو روزگار فراہم کرنا اور سامان کی نقل و حمل کے شعبے میں ذاتی کام کرنے والے غیر ملکیوں کی خلاف ورزیاں شامل تھیں۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود جسے ماضی میں وزارت محنت کہا جاتا تھا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اقامہ اور محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

شیئر: