Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں کورونا ویکسینیشن کا 90 سالہ خاتون مارگریٹ سے آغاز

برطانیہ نے بڑے پیمانے پر کورونا ویکسین لگانے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جس کے بعد برطانوی شہری مارگریٹ کینن ویکسین کی خوراک لینے والی دنیا کی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔
برطانوی ٹی وی چینل سکائی نیوز کے مطابق 90 سالہ مارگریٹ کینن کو منگل کے روز کورونا وائرس کی ویکسین لگائی گئی ہے۔
مارگریٹ کا تعلق شمالی آئرلینڈ سے ہے، وہ گزشتہ چھے دہائیوں سے انگلینڈ کے شہر کووینٹری میں رہائش پذیر ہیں۔ مارگریٹ کینن چار سال پہلے تک ایک جیولری کی دکان میں بطور اسٹنٹ کام کرتی رہی ہیں۔
فائزر کمپنی کی کورونا وائرس کی ویکسین منظور ہونے کے بعد ویکسین لگنے کا باقاعدہ آغاز ہونا اس عالمی وبا کے خلاف تاریخی قدم ہے۔
مارگریٹ کینن کو کووینٹری شہر کے یونیورسٹی ہسپتال میں منگل کی صبح 6 بج کر 31 منٹ پر نرس مے پارسنز نے ویکسین لگائی تھی۔
سکائی نیوز کے مطابق مارگریٹ کینن کا کہنا تھا کہ ویکسین لگوانے والی دنیا کی پہلی شخصیت ہونا ایک اعزاز کی بات ہے، اور ان کے لیے یہ سالگرہ کا سب سے بہترین تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین لگوانے کے بعد وہ نئے سال کی شام اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ گزار سکیں گی۔
مارگریٹ کینن نے نرس مے پارسنز اور برطانوی ادارہ صحت نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے عملے کا بہترین انداز میں خیال رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔

مارگریٹ کا تعلق شمالی آئر لینڈ سے ہے۔ فوٹو اے ایف پی

انہوں نے تمام شہریوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جن کو بھی ویکسین لگوانے کا موقع مل رہا ہے وہ ضرور لگوائیں، اگر وہ 90 سال کی عمر میں ویکسین لگوا سکتی ہیں تو سب ایسا کر سکتے ہیں۔
مارگریٹ کینن کو 21 روز کے بعد ویکسین کی ایک اور خوراک لگائی جائے گی تاکہ ان کی کورونا وائرس سے حفاظت کو مکمل طور پر یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے برطانیہ ویکیسن استعمال کرنے کی اجازت دینے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا تھا۔
برطانیہ نے فائزر کمپنی کو ویکسین کی چار کروڑ خوراکوں کا آرڈر پہلے سے ہی دے رکھا ہے.
برطانیہ نے کہا تھا کہ کیئر ہومز میں مقیم عمر رسیدہ افراد اور ان کی دیکھ بھال کرنے والوں کو پہلے مرحملے میں ویکسین لگائی جائے گی۔ 

شیئر: