ملک میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر تین لاکھ 63 ہزار259 ہوگئی ہے (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں کورونا کے کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ پچھلے 24 گھنٹے کے دوران 104 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
اس طرح ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر تین لاکھ 63 ہزار 259 ہوگئی ہے۔
پیر کو وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ’پچھلے چوبیس گھنٹے میں 146 مریض شفایاب ہوئے۔ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد تین لاکھ 54 ہزار 755 ہو چکی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے 9 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اب تک اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 265 تک پہنچ گئی ہے‘۔
منگل پانچ جنوری کو کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں رہے جہاں 47 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ مکہ ریجن میں مریضوں کی تعداد 24 رہی ہے۔
مشرقی ریجن میں تیرہ ، مدینہ ریجن میں چارجبکہ الحدود الشمالیہ میں بھی چار افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
عسیر ریجن میں تین ، تبوک ، جازان اورنجران ریجن میں دو، دو جبکہ الباحہ، حائل اور القصیم ریجن میں مریضوں کی تعداد ایک، ایک رہی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز کی تعداد 2 ہزار 239 رہ گئی جن میں سے 364 کی حالت نازک ہے۔
یاد رہے کہ وزارت صحت کی جانب سے کورونا ویکسین لگوانے کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے لیے وزارت کی ایپ پر رجسٹر کرانے کے بعد مقررہ دن ویکسین لگوائی جا سکتی ہے۔
کورونا ویکسینیشن سینٹر ریاض، جدہ اور الخبر میں قائم کیے گئے ہیں دیگر شہروں میں بھی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔