Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مارکیٹ میں بچوں کے گیمز فراہم کرنے والا غیر ملکی گرفتار

پلے لینڈز پر پابندی حفاظتی اقدامات کے پیش نظر عائد کی گئی ہے(فوٹو، سبق نیوز)
عسیر ریجن کی بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے کورونا احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کمرشل پلازہ میں بچوں کے گیمز کوچلانے والے غیر ملکی کوگرفتار کیا گیا۔
ویب نیوز’سبق‘ کے مطابق وزارت صحت کی سفارش پر متعلقہ اداروں نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کے تحت عارضی طورپر’پلے لینڈز‘ اور کمرشل مارکیٹوں میں بچوں کے لیے مخصوص کھیلوں کی سرگرمیوں کو بند کرنے کے احکامات صادر کیے تھے۔
پلے لینڈز کو بند کرنے کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنا اور اس مرض پرقابوپانا ہے۔ اس حوالے سے عسیر ریجن کے ایک کمرشل پلازہ میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیم نے بچوں کےلیے مخصوص گاڑیاں فراہم کرنے والے غیر ملکی کو گرفتار کرلیا جو قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پلازہ میں بچوں کوکرایے پر گاڑیاں اور مختلف کھیل فراہم کرتا تھا۔

مارکیٹوں میں سماجی فاصلہ رکھنا ضروری ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

اس ضمن میں بلدیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاو کے لیے عائد کی جانے والی پابندیاں احتیاط کے پیش نظرکی گئی ہیں تاکہ لوگوں کو اس مہلک وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے۔
بلدیہ کی ٹیمیں مختلف شہروں میں کمرشل مارکیٹوں اور دیگر مقامات کا دورہ کرتی ہیں تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ وہاں مقررہ ایس اوپیز پرعمل کیاجارہا ہے یا نہیں ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کا فوری چالان کیاجاتا ہے۔
یادرہے متعلقہ اداروں کی جانب سے کورونا کی دوسری لہر کے بعد ہوٹلوں اور کیفے ٹیریامیں بیٹھ کرکھانے پر بھی عارضی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ مارکیٹوں میں سماجی فاصلہ نہ رکھنے والوں اور ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں پر فوری طورپر جرمانہ کیاجاتا ہے۔
بلدیہ کے علاوہ پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے کی ٹیمیں عوامی مقامات پر مسلسل گشت کرتی ہیں تاکہ ماسک کے استعمال کویقینی بنایا جاسکے۔
اس ضمن میں وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ درست طورپر ماسک استعمال نہ کرنا بھی خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے جو افراد ناک سے نیچے ماسک پہننتے ہیں وہ بھی ماسک خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں اور ان پر ایک ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے

شیئر: