Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈرونز حملے، امارات کا سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی

حملوں سے سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کو خطرہ لاحق ہوا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)
متحدہ عرب امارات نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے میں شہریوں اور شہری اہداف کو دانستہ اور منظم طریقے سے ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کو عرب اتحاد نے خمیس مشیط پر حوثیوں کے حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو ڈرونز تباہ کیے ہیں۔
 امارات کی خبر رساں ایجنسی ’وام‘  کے مطابق وزارت امور خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات حوثی ملیشیا کی جانب سے منظم دہشت گرد حملے بین الاقوامی برادری اور عالمی قوانین و اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
وزارت نے عالمی برادری سے کہا کہ وہ ایسے بار بار حملوں کے خلاف فوری اور فیصلہ کن موقف اپنائے۔ حملوں سے سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کو خطرہ لاحق ہوا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ حالیہ دنوں میں ایسے مسلسل حملوں نے کشیدگی کو شدید کردیا ہے جوکہ خطے کی سلامتی و استحکام کو حوثی ملیشیا کی طرف سے لاحق خطرات کے ثبوت و شواہد کا نیا سلسلہ ہے۔
وزارت نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مملکت کی سلامتی و استحکام کو لاحق کسی بھی خطرے کے خلاف غیرمتزلزل عزم و حمایت کا اعادہ کیا۔
بیان میں سعودی عرب کی جانب سے اپنے شہریوں اور مقیم افراد کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے کسی بھی اقدام کی مکمل حمایت بھی کی گئی ہے۔

شیئر: